سنیترا پوار این سی پی قانون ساز پارٹی کی لیڈر منتخب، شام 5 بجے نائب وزیر اعلیٰ کا لیں گی حلف

چھگن بھجبل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کی رائے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے گروپ لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنیترا پوار کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سنیترا پوار، تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;@SunetraA_Pawar</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں اجیت پوار کے انتقال کے بعد ان کی اہلیہ سنیترا پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا راستہ ہموار ہو چکا ہے۔ این سی پی اراکین اسمبلی نے آج طلب کی میٹنگ میں سنیترا پوار کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا ہے۔ اب آج شام پانچ بجے سنیترا نائب وزیر اعلیٰ کے عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گی۔ اس سے عین قبل مہاراشٹر، خاص طور پر ممبئی اور بارامتی میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ایک طرف سنیترا حلف برداری کی تیاری میں مصروف ہیں تو دوسری طرف ان کے بیٹے پارتھ اپنے دادا شرد پوار سے ملاقات کرنے پہنچے ہیں۔

بہرحال، راج بھون میں سنیترا پوار کی حلف برداری کے لیے تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ’لوک بھون‘ (گورنر ہاؤس) سے جو سرکاری معلومات سامنے آئی ہیں، اس کے مطابق سنیترا پوار شام 5 بجے نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لیں گی۔ 4 بجے گورنر آچاریہ دیوبرت دہرادون سے ممبئی واپس پہنچنے والے ہیں، جو 5 بجے حلف برداری کی تقریب میں شامل ہوں گے۔


اس درمیان چھگن بھجبل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی کی رائے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے گروپ لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنیترا پوار کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں وزیر اعلیٰ مکمل طور پر اپنا تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اہلکار کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’میں شرد پوار کے بیان پر کچھ نہیں کہنا چاہتا۔ میں نے انضمام کے بارے میں کچھ نہیں سنا ہے، اس لیے میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میں ایک چھوٹا آدمی ہوں۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار انضمام کے معاملہ پر بات کرنے سے مسلسل گریز کرتے رہے ہیں۔ میں نے انضمام کی کوئی بات نہیں سنی، اس لیے کچھ نہیں کہوں گا۔‘‘

دراصل مہاراشٹر میں پیدا سیاسی حالات کے درمیان شرد پوار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ این سی پی کے دونوں گروپ کا انضمام ہونے والا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجیت پوار کی بھی خواہش تھی اور اسے ضرور پورا ہونا چاہیے۔ شرد پوار نے بتایا کہ اجیت، ششی کانت شندے اور جینت پاٹل نے دونوں گروپوں کے انضمام کے سلسلے میں بات چیت شروع کی تھی۔


قابل ذکر ہے کہ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ بننے والی ہیں۔ دوپہر کو این سی پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد ان کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ میٹنگ سے قبل کئی لیڈران ان سے مسلسل ملاقات کرتے نظر آئے تھے۔ سنیترا اس وقت راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔ اگر وہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیتی ہیں تو انہیں پہلے رکن پارلیمنٹ کے عہدہ سے استعفیٰ دینا ہوگا، اس کے بعد ہی وہ حلف لیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔