سکما میں نکسلی حملے سے داخلی سلامتی کی قلعی کھل گئی: راہل گاندھی

جنگل میں گھات لگاکر بیٹھے نکسلیوں نے گاڑی کونشانہ بناکر بارودی سرنگ کا دھماکہ کردیا۔دھماکہ اتنا طاقت ورتھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑگئے۔ حملہ میں سی آر پی ایف کے 9 جوان شہید اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

تصویر یو این ئی
تصویر یو این ئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ کے سکما میں نکسلی حملے میں جوانوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ نے داخلی سلامتی پر مودی حکومت کی پالیسیوں اور دعوؤ ں کی قلعی کھول دی ہے۔

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ داخلی سلامتی کے تعلق سے مودی حکومت کی پالیسیاں ناقص ہیں اور اس حملے نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں اور دعوؤں کی پول کھول دی ہے۔ انہوں نے نکسلی حملے میں شہید جوانوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کی۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’چھتیس گڑھ کے سکما میں نکسلی حملے میں سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے نو جوان شہید ہوئے ہیں۔ اس سے داخلی سلامتی پر حکومت کی ناقص پالیسیوں کا پردہ فاش ہوگیا ہے۔‘‘
بعد میں کانگریس میڈیا انچارج رنديپ سنگھ سورجے والا نے ایک بیان جاری کر کے الزام لگایا کہ قومی سلامتی پر مودی حکومت کی بے سمت پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے اندر اور سرحد پر صورتحال خراب ہے۔ اس واقعہ سے نکسلزم پر لگام کسنے کے مودی حکومت کے دعوے کی بھی پول کھل گئی ہے۔

واضح رہے کہ چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے کرسٹارام تھانہ علاقہ میں نکسلیوں نے بارودی سرنگ کا دھماکہ کرکے اینٹی لینڈ مائن وھیکل کو اڑادیا ،جس میں سنٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے 9 جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

تصویر ٹوئٹر/دوردرشن
تصویر ٹوئٹر/دوردرشن

پولس ذرائع کے مطابق سکماضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا 60 کلومیٹر دور دوپہر کو نکسلیوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ۔اس واقعہ کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ بھی ہوئی ۔بعد میں نکسلی گھنے جنگل میں بھاگ گئے ۔زخمیوں کو کرسٹارام میں ابتدائی علاج کے بعد ہیلی کاپٹر سے رائے پور بھیجا گیا ہے ۔نکسلی شہید جوانوں کے ہتھیاربھی لے گئے۔ذرائع کے مطابق کرسٹارام تھانہ سے سی آرپی ایف کی 212ویں بٹالین کے جوان اینٹی لینڈمائن وھیکل میں سوارہوکر سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں کی سیکورٹی کے لئے پالودی گاؤں کی طرف جارہے تھے ۔جنگل میں گھات لگاکر بیٹھے نکسلیوں نے گاڑی کونشانہ بناکر بارودی سرنگ کا دھماکہ کردیا۔دھماکہ اتنا طاقت ورتھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑگئے اور اس میں سوار 8جوان موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ایک کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔دودیگر جوانوں کا علاج جاری ہے ۔

دھماکہ کے بعد نکسلیوں نے فائرنگ شروع کردی ۔جواب میں موقع پر موجود دیگر جوانوں نے بھی مورچہ سنبھالا ۔کچھ دیر تک چلے تصادم کے بعد نکسلی بھاگ گئے۔دریں اثنا جائے وقوع پر مزید کمک بھیجی گئی ہے ۔

بسترکے انسپکٹر جنرل آف پولس ویویکا نند سنہا نے کہا کہ زخمی جوانوں کے بہترعلاج پر توجہ دی جارہی ہے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔