’ایسا برتاؤ جمہوریت کا قتل‘، چنڈی گڑھ میئر الیکشن معاملہ پر سی جے آئی کا تلخ تبصرہ، سبھی ریکارڈ محفوظ کرنے کا حکم

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے چنڈی گڑھ میئر الیکشن معاملہ پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ اس افسر پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے، کیا یہ پریزائڈنگ افسر کا رویہ ہے؟

سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
سپریم کورٹ / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ میئر الیکشن معاملے پر آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی اور پورے واقعہ پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے حیرانی ظاہر کی۔ انھوں نے عرضی گزار کی طرف سے پیش ثبوتوں پر غور کرنے کے بعد کہا کہ یہ صاف لگ رہا ہے کہ ریٹرنگ افسر نے بیلٹ پیپر کو نقصان پہنچایا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے یہ سوالبھی اٹھایا کہ کیا اسی طرح سے انتخاب کا انعقاد ہوتا ہے۔

عآپ کونسلر کلدیپ کمار کی عرضی پر چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت میں آج تین ججوں کی بنچ نے سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس آف انڈیا نے چنڈی گڑھ میئر الیکشن تنازعہ پر کچھ بڑے اور تلخ تبصرے کیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا برتاؤ جمہوریت کا قتل ہے۔ پورے معاملے سے ہم حیران ہیں۔ اس افسر پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔ کیا یہ پریزائڈنگ افسر کا رویہ ہے؟‘‘ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کے ذریعہ سے بیلٹ پیپر، ویڈیوگرافی اور دیگر مواد سمیت انتخابی عمل کے پورے ریکارڈ کو محفوظ کرنے کا حکم دیا۔ اتنا ہی نہیں، آئندہ سماعت تک چنڈی گڑھ میونسپل کارپوریشن کی اگلی میٹنگ کو ملتوی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ عآپ نے چنڈی گڑھ میئر الیکشن آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے نہ کرائے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی جس کی وجہ سے بی جے پی امیدوار میئر کا انتخاب جیت گیا۔ عآپ نے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کر سبکدوش جج کی نگرانی میں نئے سرے سے انتخاب کرانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن ہائی کورٹ عآپ کونسلر کو فوری راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے چنڈی گڑھ انتظامیہ میونسپل کارپوریشن، پریزائڈنگ افسر اور نومنتخب میئر منوج سونکر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر تین ہفتہ کے اندر جواب داخل کرنے کہا تھا۔ فوری راحت نہ ملنے سے مایوس عآپ کونسلر نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا جہاں آج عرضی پر سماعت ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔