ریلوے بھرتی امتحان کے خلاف طلباء کا احتجاج، بی جے پی کے لئے نئی مصیبت!

ریلوے بھرتی بورڈ کے امتحانات کے نتائج کے خلاف طلباء بہار اور اتر پردیش میں احتجاج کر رہے ہیں، طلباء کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے اور یہ بی جے پی کے لئے نئی مصیبت ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریلوے بھرتی بورڈ کے غیر تکنیکی مقبول کیٹیگری یعنی آر آر بی این ٹی پی سی امتحانات 2021 کے نتائج نے طلباء میں غصہ بھر دیا ہے اور وہ اس کے خلاف بہار اور اتر پردیش میں جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر یہ احتجاج پر تشدد بھی ہو گیا، جس کے خلاف پولیس نے کارروائی بھی کی۔

اتر پردیش کے پریاگراج (الہ آباد) میں طلباء پر کارروائی کے معاملے میں چھ پولیس والوں کو معطل کر دیا گیا جبکہ ایس ایس پی نے اس معاملے میں سیاسی سازش کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب بہار میں لگاتار تیسرے دن یہ احتجاج پر تشدد بنا رہا اور کئی ٹرینوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔ ادھر پولیس نے طلباء کو اکسانے کے الزام میں ’خان سر‘ سمیت کئی کوچنگ سینٹرس کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔


طلباء کا یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور ان میں اتر پردیش جیسی بڑی ریاست بہت اہم ہے۔ ان اسمبلی انتخابات میں پہلے ہی بے روزگاری ایک بہت بڑا سیاسی مدعا ہے اور اب ایسے وقت میں ان احتجاج کا ہونا بی جے پی کے لئے نیا درد سر ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ان نوکریوں کا اعلان 2019 کے عام انتخابات سے قبل کیا گیا تھا جس کے نتائج اب آئے ہیں اور اس میں بھی چوتھے درجہ کی کٹیگری میں ایک امتحان کا اور اضافہ کر دیا گیا ہے جس نے طلبا کے زخموں پر نمک پاشی کا کام کیا ہے۔ ادھر ریلوے کے ذریعہ دو مہینے بعد اس پر فیصلہ لینے کے اعلان سے طلباء مطمئن نظر نہیں آ رہے ہیں۔ مبصرین کی رائے ہے کہ حکومت کو اس معاملہ میں جلد کوئی فیصلہ لینا ہوگا نہیں تو انتخابات کے موقع پر بی جے پی کے لئے یہ ایک نئی مصیبت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔