بھوپال میں اسکول کی چھت کا پلاسٹر گرا، طالب علم زخمی

ڈسٹرکٹ تعلیمی افسرکے حکم کے باوجود خستہ حال کلاس میں پڑھائی جاری تھی۔ ڈی ای او نے کہا کہ یہ ا سکول پرنسپل کی براہ راست غفلت ہے اور اس کے خلاف محکمہ جاتی  کارروائی کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بھوپال کے برکھیڑا پٹھانی علاقے میں واقع گورنمنٹ پی ایم شری اسکول میں جمعہ کو ایک بڑا حادثہ ٹل گیا، جب کلاس روم کے اندر چھت کا پلاسٹر اچانک گر گیا۔ حادثے میں ایک طالب علم شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے سر پر گہری چوٹ آئی اور اسے چار ٹانکے لگے۔ خوش قسمتی سے باقی طلباء اور استاد محفوظ رہے۔

یہ پورا واقعہ اسکول میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ طلباء کلاس میں پڑھ رہے تھے کہ اچانک چھت کا پلاسٹر گر گیا۔ پلاسٹر سیدھا کلاس روم کے سامنے والے بینچ کے قریب گرا، جہاں کچھ طلبہ بیٹھے تھے۔ ایک طالب علم اس میں پھنس گیا، جب کہ دیگر طلباء اور استاد گھبراہٹ میں پیچھے ہٹ گئے۔


واقعہ کے بعد محکمہ تعلیم حرکت میں آگیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) نے کہا کہ تمام اسکولوں کو پہلے ہی ہدایت دی گئی تھی کہ وہ خستہ حال عمارتوں میں کلاسیں نہ چلائیں۔ اس کے باوجود اس اسکول میں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال کر پڑھائی جا رہی تھی۔ ڈی ای او نے واضح کیا کہ یہ ا سکول پرنسپل کی براہ راست غفلت ہے اور اس کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

بارش کے موسم نے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی کو عیاں کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر پرانی عمارتوں کی چھتیں ٹپک رہی ہیں یا گرنے کی حالت میں ہیں۔ برکھیڑا پٹھانی کا یہ کیس بھی اسی مسئلے کی ایک مثال ہے۔ اگر اسکول کی عمارت کی بروقت مرمت کی جاتی یا کلاسز کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا جاتا تو اس حادثے کو روکا جا سکتا تھا۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘)