ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں بارش اور برفباری کا امکان، اوڈیشہ میں لو کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں تیز ہواؤں، جموں و کشمیر میں برفباری اور مہاراشٹر، کرناٹک و آندھرا پردیش میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ اوڈیشہ میں لُو کا الرٹ جاری کیا گیا ہے

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
ملک بھر میں موسم کے مزاج میں لگاتار تبدیلی آ رہی ہے۔ کبھی شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو کبھی ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے موسم سہانا ہو جاتا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں موسم اپنے الگ انداز دکھا رہا ہے۔ اس درمیان محکمہ موسمیات نے تازہ الرٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آج دہلی-این سی آر میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ جموں و کشمیر اور لداخ میں بھاری برفباری کا امکان ہے جبکہ مہاراشٹر اور کرناٹک اور آندھرا پردیش میں گرج کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
وہیں دوسری طرف اوڈیشہ میں لُو کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ گجرات میں مشرقی ہند کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس اور وسطی پاکستان اور شمال مشرقی آسام پر اس سے جڑے سائیکلونک سرکولیشن شمالی اور شمال مشرقی ہند میں موسم کی حالت کو متاثر کرنے والے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ ہفتہ کو جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے۔ 20 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔ بیچ بیچ میں ہوا کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی پہنچ سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 33 اور 15 ڈگری رہ سکتا ہے۔ اتوار سے درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
29 مارچ کو پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور مغربی اتر پردیش میں الگ الگ مقامات پر 35-25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ اسی مدت کے دوران مغربی راجستھان میں 30-20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد و غبار والی ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔