پٹنہ سمیت کئی اضلاع میں زوردار آندھی اور طوفانی بارش، گنگا ندی کا بہاؤ ہوا تیز

گردابی طوفان کی وجہ سے گزشتہ دنوں ہوئی موسلادھار بارش کے بعد دو تین دن موسم بالکل صاف تھا جس کی وجہ سے آب و ہوا میں نمی پیدا ہو گئی تھی اور ایک بار پھر بارش و ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

تنویر

گردابی طوفان ’یاس‘ کی تباہی تو ختم ہو چکی ہے، لیکن بہار میں ’یاس‘ کے اثرات اب بھی باقی ہیں۔ آج دوپہر راجدھانی پٹنہ و آس پاس کے علاقوں میں زوردار آندھی اور طوفانی بارش کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ دوپہر کے وقت ہی ایسا اندھیرا چھا گیا کہ بجلی کی چمک صاف دکھائی دے رہی تھی۔ اس دوران کچھ درختوں کو نقصان پہنچا اور گنگا ندی میں پانی کا بہاؤ بھی کافی تیز ہو گیا۔ دراصل گردابی طوفان کی وجہ سے گزشتہ دنوں ہوئی موسلادھار بارش کے بعد دو تین دن موسم بالکل صاف تھا جس کی وجہ سے آب و ہوا میں نمی پیدا ہو گئی تھی اور ایک بار پھر بارش و ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ منگل کے روز ہوئی طوفانی بارش اسی نمی اور ماحول میں کم دباؤ بننے کی وجہ سے ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پٹنہ، ویشالی، مظفر پور، ارول، سیتامڑھی اور جہان آباد اضلاع میں آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ہو رہی ہے اور اس درمیان بجلی گرنے کا بھی اندیشہ ہے جس کے سبب الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کو گھروں سے نہیں نکلنے کی اپیل بھی محکمہ موسمیات کے ذریعہ کی گئی ہے۔ محکمہ کے مطابق بہار کے بگہا، بتیا، گوپال گنج وغیرہ کے اوپر بنے گردابی ہواؤں کی وجہ سے کئی اضلاع میں موسم اچانک بدل گیا ہے۔


پٹنہ محکمہ موسمیات مرکز نے پٹنہ اور کچھ دیگر اضلاع میں زوردار بارش کی پیشین گوئی کی تھی اور کہا تھا کہ آب و ہوا میں نمی ہے، ایسے میں دھوپ نکلنے پر کہیں بھی بادل بن سکتے ہیں اور آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ منگل کے روز صبح سے ہی دھوپ اور چھاؤں والا ماحول بنا ہوا تھا، اور دوپہر ہوتے ہوتے چاروں طرف کالے بادل نظر آنے لگے۔ فی الحال کہیں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن کئی جگہ چھتوں پر رکھے سامان و کپڑے طوفان میں اِدھر اُدھر اُڑتے اور گرتے ہوئے ضرور نظر آئے۔

یہاں قابل غور ہے کہ بہار میں مانسون 12 سے 15 جون کے درمیان آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، لیکن ’یاس‘ طوفان کی وجہ سے گزشتہ چار-پانچ دنوں سے موسم کا مزاج بدلا ہوا ہے۔ اتوار اور پیر کے روز تیز دھوپ ضرور نکلی تھی، لیکن منگل کو ایک بار پھر طوفانی بارش نے اپنا زور دکھلانا شروع کر دیا۔ اس سے ایسا لگتا ہے جیسے بہار میں مانسون 10 دن پہلے ہی شروع ہو گیا ہے۔ حالانکہ آنے والے کچھ دن موسم کھلا رہنے کا بھی امکان ہے، لیکن لیچی اور آم جیسی فصلوں کو اس بے موسم بارش سے کافی نقصان پہنچا ہے۔ خصوصی طور پر لیچی کی فصل بری طرح تباہ ہو گئی ہے کیونکہ بارش کے سبب لیچی میں کیڑے پڑنے لگے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔