ملک میں سخت آبادی کنٹرول قانون کی ضرورت: گری راج سنگھ

گری راج نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کو سیاست اور مذہب سے نہیں جوڑا جائے۔ اسے صرف ملک کی ترقی اور وسائل کے نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے ماہی پروری اور مویشی پروری گری راج سنگھ نے ہفتے کے روز کہا ملک کواگر ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانا ہے تو آبادی پر قابو پانے کے لئے سخت قانون کی ضرورت ہے جو تمام لوگوں اور مذاہب پر یکساں لاگو ہوگا۔

سنگھ نے آج عالمی یوم آبادی پر اپنے ٹویٹر پر ایک ویڈیو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبھی آبادی ایک ضرورت ہوتی ہے اور کبھی یہ بوجھ بن جاتی ہے۔

بیگوسرائے سے رکن پارلیمان نے کہا کہ آج ہندوستان میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔ ملک کی آبادی دنیا کی مجموعی آبادی کا 18 فیصد سے زائد ہے جبکہ زمینی رقبہ صرف دو فیصد ہے اور پانی صرف چار فیصد ہے۔ یہی نہیں زیرزمین پانی کی سطح بھی مسلسل کم ہورہی ہے۔


انہوں نے چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج اس کے ترقی یافتہ ہونے کے پیچھے 1979 وہاں لایا گیا آبادی پر قابو پانے والا قانون ہے۔ چین میں یہ قانون نہیں ہوتا تووہاں کی آبادی میں 60 کروڑ کا اضافہ ہوتا۔

سنگھ نے کہا ’’ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی آج ہمارے لئے ایک چیلنج بن گئی ہے۔ اگر ہم ترقی یافتہ ممالک کے برابر کھڑے ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں آبادی پر لگام لگانی ہو گی اور اس کے لئے ایک سخت قانون کی ضرورت ہے جو تمام لوگوں اور مذاہب پر یکساں نافذ ہوگا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کو سیاست اور مذہب سے نہیں جوڑا جائے۔ اسے صرف ملک کی ترقی اور وسائل کے نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔