اوڈیشہ میں عجیب و غریب معاملہ، 'پدم شری' ایوارڈ پر ایک ہی نام کے دو لوگوں کا دعویٰ، جج بھی حیران
اڑیسہ ہائی کورٹ نے دونوں فریقوں کو 24 فروری کو ذاتی طور پر پیش ہو کر دعویٰ کو شواہد کی بنیاد پر ثابت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی حکومت کو بھی اس معاملے میں نوٹس بھیجا جا چکا ہے۔

ویڈیو گریب
اوڈیشہ میں ایک عجیب و غریب معاملہ سامنے آیا ہے۔ پدم شری ایوارڈ کو لے کر دو لوگ آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ دونوں شخص کا نام انتریامی مشرا ہے۔ 2023 میں اعلان ہوئے اس انعام پر دونوں اپنا اپنا دعویٰ کر رہے ہیں۔ معاملہ اب اڑیسہ ہائی کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ معاملے کو دیکھ کر جج بھی حیران ہیں۔ یہ پہلی بار ہے جب اس پدم شری ایوارڈ کو لے کر اس طرح کا تنازعہ سامنے آیا ہے۔
ایک عرضی دہندہ ڈاکٹر اور اوڈیہ ادیب ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے نام کے ایک سابق صحافی نے دھوکہ دہی سے ایوارڈ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے نام سے مختلف ہندوستانی زبان میں 29 کتابیں شائع ہوئی ہیں۔
منگل کو معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس ایس کے پنی گرہی نے کہا، "یہ عدالت اسے حیرت انگیز پاتی ہے کہ اوڈیشہ حکومت کی تصدیق کے عمل اور پدم شری ایوارڈ کے اعلان سے پہلے کئی طریقۂ کار پر عمل کرنے کے باوجود اس طرح کا دعویٰ اور جوابی دعویٰ صرف اس لیے اٹھ رہا ہے کیونکہ دونوں کے نام ایک جیسے ہیں۔"
تنازعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہائی کورٹ نے دونوں فریقوں کو 24 فروری کو دوپہر 2 بجے ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ انہیں اپنے اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کے لیے سبھی متعلقہ اشاعت اور اشیاء پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت کو بھی اس معاملے میں نوٹس بھیجا جا چکا ہے۔ عدالت نے دیگر متعلقہ فریق کو بھی رجسٹرڈ ڈاک کے توسط سے نوٹس جاری کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پدم شری ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ادب، تعلیم اور صحافت جیسے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔