گرمی میں صحت کی دیکھ بھال، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے بچاؤ کے مؤثر اور آسان طریقے
شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن جان لیوا ہو سکتے ہیں۔ پانی، ہلکی غذا، سائے میں رہنا اور جسم کو ٹھنڈا رکھنا بچاؤ کے مؤثر طریقے ہیں

دہلی میں شدید گرمی / آئی اے این ایس
نئی دہلی: ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ اس موسم میں صحت کا خاص خیال رکھنا بے حد ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ گرمی کی شدت کے سبب ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی یعنی ڈی ہائیڈریشن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔
ہیٹ اسٹروک اس وقت ہوتا ہے جب جسم کا درجہ حرارت بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے اور پسینہ آنا بند ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے جسم اپنی گرمی کو کم نہیں کر پاتا۔ اس کی عام علامات میں تیز سر درد، چکر آنا، قے، کمزوری اور بعض صورتوں میں بے ہوشی تک شامل ہو سکتی ہے۔
اسی طرح، ڈی ہائیڈریشن یعنی جسم میں پانی کی کمی بھی گرمی کے دنوں میں عام مسئلہ ہے۔ اس سے تھکن، کمزوری، منہ خشک ہونا اور چکر آنے جیسے مسائل پیش آتے ہیں۔ ان مسائل سے بچاؤ کے لیے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا ضروری ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق گرمی میں روزانہ تین سے چار لیٹر پانی پینا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ ناریل پانی، لیموں پانی، چھاچھ اور تربوز، پپیتا، کھیرا، خربوزہ اور جامن جیسے پانی سے بھرپور پھلوں کا استعمال کرنا چاہیے کیونکہ یہ جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں۔
دوپہر کے وقت جب دھوپ کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے، بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ اگر نکلنا ہی پڑے تو ہلکے رنگ کے، سوتی اور ڈھیلے کپڑے پہنیں، سر کو ڈھانپیں اور سن اسکرین کا استعمال ضرور کریں۔ جسمانی محنت جیسے دوڑ یا بھاری کاموں سے پرہیز کیا جائے کیونکہ ان سے جسم کا درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔
باہر سے واپس آتے ہی فوری ٹھنڈا پانی پینا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ پہلے جسم کا درجہ حرارت نارمل ہونے دیں، اس کے بعد ہی پانی پئیں۔ خالی پیٹ باہر نکلنا بھی خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے کچھ ہلکا پھلکا کھا کر ہی باہر نکلیں۔
مسالے دار، تلی ہوئی اشیاء اور باہر کے کھانوں سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جسم میں گرمی پیدا کرتے ہیں۔ گھر کا ہلکا، آسانی سے ہضم ہونے والا اور ٹھنڈی تاثیر والا کھانا بہتر ہے۔ ساتھ ہی، میٹھے اور کیفین والے مشروبات یا الکحل سے بچیں کیونکہ یہ جسم کو مزید پانی کی کمی میں مبتلا کر سکتے ہیں۔
اگر کسی کو ہیٹ اسٹروک کے آثار محسوس ہوں تو فوراً سایہ دار جگہ پر جائیں، گیلا کپڑا یا پانی کا چھڑکاؤ کریں تاکہ جسم ٹھنڈا ہو اور جلد از جلد ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گرمی سے بچاؤ کے لیے پوری نیند لینا بھی نہایت اہم ہے تاکہ جسم تروتازہ رہے اور حرارت سے لڑنے کی طاقت برقرار رکھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔