جامعہ نگر تھانہ انچارج میں کورونا کی تصدیق، دہلی پولیس کے اب تک چار ایس ایچ او متاثر

دہلی پولیس میں ابھی تک اتم نگر، لاجپت نگر اور نارتھ اوینیو کے ایس ایچ او میں کورونا وائرس کی تصدیقی ہو چکی ہے اور اب جامعہ نگر کے ایس ایچ او ہیں جہیں کورونا کے لئے مثبت پایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جنوبی دہلی کے جامعہ نگر تھانے کے انچارج (ایس ایچ او) کو کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد کوارنٹائن میں بھیج دیا گیا ہے۔ جامعہ نگر تھانے کے ایک پولیس اہلکار کے کچھ دن پہلے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد ایس ایچ او سمیت کئی پولیس اہلکاروں کی کورونا جانچ کی گئی تھی۔

جانچ رپورٹ میں گزشتہ روز ایس ایچ او متاثر پائے گئے، حالانکہ ان میں کسی طرح کی علامات نظر نہیں آ رہی ہیں۔ ایس ایچ او کے رابطے میں آنے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت کی جارہی ہے اور ان سبھی کو کوارنٹائن میں بھیجا جائے گا۔ دہلی پولیس میں ابھی تک اتم نگر، لاجپت نگر اور نارتھ اوینیو کے ایس ایچ او میں کورونا وائرس کی تصدیقی ہو چکی ہے اور چوتھے جامعہ نگر ایس ایچ او ہیں جہیں کورونا کے لئے مثبت پایا گیا ہے۔


واضح رہے کہ دہلی میں 160 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سے لیکر انسپکٹر، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔ ان میں سے 40 سے زیادہ اہلکار صحت مند ہوچکے ہیں جبکہ ایک کانسٹبل امت کی موت بھی ہو چکی ہے۔

اتم نگر کے ایس ایچ او رام کمار نے ایک ویڈیو جاری کر کے دہلی پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ کے اندر کورونا کی علامات نظر آتی ہیں تو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر کے آپ اسے آسانی سے ہرا سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ آپ گھر پر رہ کر بھی اس وائرس کو مات دے سکتے ہیں۔ نیز، اس مہلک وائرس کے خلاف اپنا توازن برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو تین دن کے اندر وہ صد فیصد صحتیاب ہو جائیں گے اور اگلے ہفتہ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔