ریاستی حکومت بنگال میں تشدد پر کارروائی کرے: مودی

وزیر اعظم نے ریاست کے لوگوں سے کہا کہ وہ ایسے گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کریں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

مغربی بنگال میں حالیہ تشدد پر غم اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومت سے بیر بھوم تشدد میں ملوث افراد کو سزا دینے کی اپیل کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسے مجرموں کو قانون کے حوالے کرنے میں ریاستی حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ ایسے مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بھی معاف نہیں کیا جانا چاہیے۔

وزیر اعظم یوم شہداء کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کولکتہ کے وکٹوریہ میموریل ہال میں بپلوبی بھارت گیلری کا افتتاح کر رہے تھے۔مسٹر مودی نے کہاکہ میں مغربی بنگال کے بیر بھوم میں ہونے والے پرتشدد واقعہ پر اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ریاستی حکومت بنگال کی عظیم سرزمین پر ایسے گھناؤنے گناہ کرنے والوں کو ضرور سزا دے گی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے میں ریاست کو یقین دلاتا ہوں کہ مجرموں کو جلد سے جلد سزا دلانے کے لیے جو بھی مدد چاہئے ہوگی، فراہم کی جائے گی۔


وزیر اعظم نے ریاست کے لوگوں سے کہا کہ وہ ایسے گھناؤنے جرائم کے مرتکب افراد اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ وہ بنگال کے لوگوں سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایسے واقعات کو انجام دینے والوں اور ایسے مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو کبھی معاف نہ کریں۔

منگل کو مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع کے بوگتوئی گاؤں میں نامعلوم شرپسندوں نے کئی گھروں کو نذر آتش کر کے کم از کم آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا۔اس واقعے کو 'خوفناک قرار دیتے ہوئے ریاستی گورنر جگدیپ دھنکھڑنے کہا کہ بنگال 'تشدد کلچر اور انارکی کی گرفت میں ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔