جھانسی ریلوے اسٹیشن پر مچی بھگدڑ، ٹرین پر چڑھنے کے چکر میں مسافر ٹریک پر گرے، بڑا حادثہ ٹلا
گارڈ و ڈرائیور نے صحیح وقت پر ٹرین کو روک دیا جس سے بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ پبلک ریلیش آفیسر منوج کمار سنگھ کے مطابق واقعہ میں کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔ حالات پوری طرح معمول پر ہیں۔

ویڈیو گریب
پیر کی رات جھانسی ریلوے اسٹیشن پر مہا کمبھ پر جانے والے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران 2 مسافر ٹریک پر اور کئی پلیٹ فارم پر گر گئے۔ گارڈ و ڈرائیور نے صحیح وقت پر ٹرین کو روک دیا۔ جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ کئی مسافروں نے اس واقعہ کا ویڈیو بنا کر پوسٹ کر دیا اور کچھ ہی دیر میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق پریاگ راج سے جھانسی پہنچی جھانسی-پریاگ راج رِنگ ریل ایکسپریس رات تقریباً 7:45 بجے پلیٹ فارم نمبر 6 سے 8 پر صاف-صفائی کے لیے بھیجی جا رہی تھی۔ ٹرین کو جاتا ہوا دیکھ کر مسافروں کو لگا کہ ٹرین روانہ ہو رہی ہے، اس لیے وہ ٹرین میں چڑھنے کے لیے دوڑنے لگے، بھیڑ کافی زیادہ ہونے کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
ٹرین پر سوار ہونے کے چکر میں کچھ مسافر پلیٹ فارم پر تو ایک خاتون اور ایک مرد ٹریک پر ہی گر گئے۔ کسی طرح مسافروں نے دونوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا۔ پبلک ریلیشن آفیسر منوج کمار سنگھ نے بتایا کہ واقعہ میں کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا ہے۔ حالات پوری طرح معمول پر ہیں۔
واضح ہو کہ تیرتھ راج پریاگ راج میں مہا کمبھ کی شروعات ہو چکی ہے۔ پوش پورنیما اسنان پرو کے بعد اب منگل کو مہا کمبھ کا مہا اسنان شروع ہو گیا ہے۔ دور دراز سے لوگ پریاگ راج پہنچ رہے ہیں۔ مہا کمبھ میں قریب 45 کروڑ لوگوں کے آنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس لیے عقیدت مندوں کے آنے جانے کے لیے کئی اسپیشل ٹرینوں کو بھی چلایا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔