سری نگر کی دیواریں اور سڑکیں فن مصوری کے خوبصورت نمونوں سے ہوں گی مزین

شہر کو دیدہ زیب بنانے کا کام اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر کے طلبا کر رہے ہیں اور ان کو سری نگر میونسپل کارپوریشن کا بھی اشتراک حاصل ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: اسمارٹ سٹی مشن کے تحت شہر سری نگر کو جاذب نظر بنانے کے لئے دیواروں اور سڑکوں پر پینٹنگ کی جا رہی ہے جن میں کشمیر کی شاندار ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ شہر کو دیدہ زیب بنانے کا یہ کام اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر کے طلبا کر رہے ہیں اور ان کو سری نگر میونسپل کارپوریشن کا بھی اشتراک حاصل ہے۔

ایک طالب علم نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ہم دیواروں اور سڑکوں پر پینٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی ثقافت سے وابستہ چیزوں جیسے شکارا، بانڈھ پاتھر، کشمیری ڈراموں کے منظر، سماوار، پیپر ماشی وغیرہ کی مصوری کرتے ہیں تاکہ نئی نسل اپنی شاندار ثقافت سے روشناس ہو سکے۔


موصوف طالب علم نے کہا کہ ان تصویروں کو دیکھ کر ہمیں اپنی ثقافت یاد رہے گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی چار چاند لگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھنے اور مزید فروغ دینے کا یہ ایک موثر طریقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہر کے اہم اور خاص مقامات پر یہ مصوری کی جائے گی۔

ایک دیگر طالب علم نے کہا کہ دیواروں پر کی جا رہی اس مصوری میں جس میں ہم اپنی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں، سے یہاں آنے والے بیرون وادی کے لوگوں بشمول سیاحوں کو بھی اپنی ثقافت سے واقف کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہمارے شہر کے اہم مقامات بھی سیاحتی مقامات کی حیثیت کے حامل بن جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔