سری نگر: سیتارام یچوری کی بیمار یوسف تاریگامی سے ملاقات

سیتارام یچوری نے بیمار رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی سے سری نگر میں ملاقات کی۔ جنہیں یہاں نظربند رکھا گیا ہے۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کسی بھی حزب اختلاف کے رہنما کا یہ پہلا کشمیر دورہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) کے رہنما سیتارام یچوری نے جمعرات کے روز سخت حفاظت کے درمیان پارٹی کے بیمار رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی سے سری نگر میں ملاقات کی۔ تاریگامی کو یہاں نظربند رکھا گیا ہے۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کسی بھی حزب اختلاف کے رہنما کا یہ پہلا کشمیر کا دورہ ہے۔

یچوری یہاں 10 کاروں کے حفاظتی قافلہ کے ساتھ ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے اور دوپہر کے وقت تاریگامی کے گپکر روڈ پر واقع رہائش گاہ پر پہنچے۔ میڈیا کو تاریگامی کی رہائش کے نزدیک جانے سے روک دیا گیا۔ تاریگامی کے گھر کے آس پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ یہاں نقل و حمل پر پابندی عائد کرنے کے لئے کانسرٹینا تار کا استعمال کیا گیا تھا۔ یچوری نے تاریگامی کے گھر پر کچھ گھنٹے گزارے۔


آرٹیکل 370 کے ختم ہونے کے بعد سے تاریگامی سے ملاقات کے لئے یچوری پہلے بھی کشمیر آنے کی کوشش کر چکے ہیں لیکن انہیں ریاست میں داخل ہونے سے روک دیا گیا اور سری نگر ایئرپورٹ سے ہی دہلی واپس بھیج دیا گیا تھا۔

بعد ازاں، سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد یچوری کو تاریگامی سے ملاقات کی اجازت فراہم ہوئی۔ یچوری کو ان کے دورہ کشمیر کے دوران کسی بھی سیاسی سرگرمی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبد اللہ سمیت درجنوں مرکزی دھارے کے سیاسی رہنماؤں کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ ایک دیگر سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبد اللہ بھی نظر بند ہیں۔


قبل ازیں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سابق کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت دہلی کے سینئر حزب اختلاف کے رہنماؤں کو ایئر پورٹ پر ہی روک دیا گیا تھا، جس سے انہیں دہلی واپس لوٹنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔