سری نگر پولیس کی بڑی کارروائی: 75 لاکھ روپے مالیت کی منشیات سے کمائی گئی جائیداد ضبط
حکم کے مطابق مالک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ جائیداد کو نہ تو بیچ سکتا ہے، نہ منتقل کر سکتا ہے اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کے نام کسی قسم کی ملکیتی دلچسپی پیدا کر سکتا ہے۔
سری نگر پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف جاری سخت مہم کے دوران ایک اور بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش کی 75 لاکھ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرلی۔ ضبط کی گئی جائیداد پمپوش کالونی نورباغ میں واقع ایک رہائشی مکان اور چھ مرلہ اراضی پر مشتمل ہے۔ یہ تمام ملکیت محمد عرفان شیخ ولد محمد اشرف شیخ کے نام پر درج ہے، جو تھانہ سنگم میں درج ایف آئی آر نمبر 48/2025 میں منشیات فروشی کے الزامات کا سامنا کر رہا ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے یہ ثابت کیا کہ مذکورہ جائیداد منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل شدہ کالے دھن سے تعمیر کی گئی تھی۔ شواہد کی بنیاد پر مجاز اتھارٹی نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت ضبطگی کا حکم جاری کیا جسے مکمل قانونی ضابطوں کی پابندی کے ساتھ ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں نافذ کیا گیا۔
حکم کے مطابق مالک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ جائیداد کو نہ تو بیچ سکتا ہے، نہ منتقل کر سکتا ہے اور نہ ہی کسی تیسرے فریق کے نام کسی قسم کی ملکیتی دلچسپی پیدا کر سکتا ہے۔سری نگر پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔