شری دیوی کی آخری رسومات آج دوپہر 3.30بجے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

27 Feb 2018, 10:20 PM

جسد خاکی بونی کپور کے لوکھنڈوالا واقع گھر کے لیے روانہ

شری دیوی کا جسد خاکی ممبئی ائیر پورٹ سے بونی کپور کے لوکھنڈوالا واقع گھر کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ ایمبولنس کو ٹریفک سے بچانے کے لیے ٹریفک پولس اور مقامی پولس ایمبولنس کو اسکارٹ کرے گی۔ ائیر پورٹ پر زبردست بھیڑ کو دیکھتے ہوئے شری دیوی کی لاش کو دوسرے دروازے سے باہر نکالا گیا۔

27 Feb 2018, 9:48 PM

جسد خاکی لے جانے کے لیے انل کپور ممبئی ائیر پورٹ پر موجود

شری دیوی کا جسد خاکی ممبئی ائیر پورٹ پہنچ چکا ہے۔ ائیر پورٹ پر انل امبانی بھی موجود ہیں اور انل کپور بھی جسد خاکی بھاگیہ بنگلہ تک لے جانے کے لیے ائیر پورٹ کافی پہلے ہی پہنچ گئے تھے۔

27 Feb 2018, 8:45 PM

پرائیویٹ طیارہ میں بونی کپور کے ساتھ ارجن کپور بھی موجود

شری دیوی کا جسد خاکی پرائیویٹ طیارہ میں بونی کپور لے کر آ رہے ہیں۔ ان کے ساتھ ارجن کپور اور سنجے کپور بھی موجود ہیں۔


27 Feb 2018, 7:37 PM

شری دیوی کی موت میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں: خلیج ٹائمس

یو اے ای میں ہندوستان کے سفر نودیپ سوری اور خلیج ٹائمس میں ایگزیکٹیو ایڈیٹر وکی کپور نے ٹوئٹ کے ذریعہ خبر دی ہے کہ شری دیوی کا جسد خاکی لے کر ان کی فیملی ہندوستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ خلیج ٹائمس کے حوالے سے یہ بھی خبر آ رہی ہے کہ شری دیوی کی موت پوری طرح سے حادثہ تھی اور اس میں کسی طرح کے شبہات کی کوئی گنجائش نہیں۔

27 Feb 2018, 7:18 PM

شری دیوی کی آخری رسومات کل 3.30 بجے دوپہر

شری دیوی کی فیملی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شری دیوی کی آخری رسومات کل دوپہر 3.30 بجے ویلے پارلے کے سیوا سماج شمشان میں ادا کی جائیں گی۔ اس سے قبل صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12.30 بجے تک ان کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔ اس کے بعد تقریباً دو بجے ’شَو یاترا‘ ویلے پارلے کے لیے روانہ ہوگی۔


27 Feb 2018, 6:21 PM

شری دیوی کے قریبی رشتہ دار آج ’بھاگیہ بنگلہ‘ میں جمع ہوں گے

شری دیوی کا جسد خاکی ممبئ ائیر پورٹ سے سیدھے ورسووا واقع ان کے پرانے گھر ’بھاگیہ بنگلہ‘ پہنچے گا۔ اس وقت ہندوستان میں موجود کپور فیملی کے سبھی رکن ورلی واقع انل کپور کے گھر پر ہیں۔ جیسے ہی شری دیوی کی میت ممبئی پہنچے گی، سبھی لوگ بھاگیہ بنگلہ پہنچ جائیں گے۔ بدھ کی صبح سے دوپہر تک دوست و رشتہ دار، شیدائیوں، فلم انڈسٹری کے لوگ اور سیاسی ہستیاں شری دیوی کا آخری دیدار کر سکیں گی۔ اس کے بعد دوپہر ایک بجے شری دیوی کی آخری رسوم ادا ہوگی۔

27 Feb 2018, 5:37 PM

شری دیوی کی آخری رسومات کل دوپہر ادا ہوں گی

شری دیوی کا جسد خاکی دبئی ایئر پورٹ پہنچ چکا ہے اور کچھ وقت بعد پرائیویٹ طیارہ اسے لے کر ممبئی کی طرف روانہ ہو گا۔ جسد خاکی کے دیر رات ممبئی پہنچنے کی امید ہے۔ شری دیوی کے جسد خاکی کو ان کے پرانے گھر ’بھاگیا بنگلا‘ میں آخری دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق 28 فروری کی دوپہر ان کی آخری رسومات ادا ہوں گی۔

قبل ازیں بونی کپور کو اس معاملہ میں کلین چٹ فراہم کر دی گئی۔ دبئی میڈیا ہاؤس کی رپورٹ کے مطابق بونی کپور کے علاوہ ان کے خاندان کے تمام ارکان کو دبئی انتظامیہ کی طرف سے کلین چٹ دے دی گئی ہے اور شری دیوی کے کیس کو بند کر دیا گیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق شری دیوی کی موت بے ہوشی کی حالت میں گرنے اور پانی میں ڈوب جانے سے ہوئی۔

شری دیوی کی آخری رسومات آج دوپہر 3.30بجے

27 Feb 2018, 4:06 PM

خاندان کے افراد جسد خاکی لینے پہنچے

خلیج ٹائمز کے مطابق انڈین کاؤسلیٹ اور شری دیوی کے خاندان کے افراد ان کی لاش لینے مردہ گھر پہنچ گئے۔ تمام طرح کی کاغذی کارروائی پوری ہو چکی ہے۔ جسد خاکی کو پرائیویٹ پلین سے ممبئی لایا جائے گا۔

قبل ازیں دبئی پولس نے انڈین کاؤسلیٹ اور شری دیوی کے خاندان کے افراد کو لاش ریلیز کرنے کا لیٹر جاری کر دیا جس کے بعد ان کے جسد خاکی پر لیپ کیا جا سکتا ہے۔

27 Feb 2018, 2:27 PM

جسد خاکی رات تک ممبئی پہنچنے کی امید

شری دیوی کی دبئی میں اچانک واقع ہوئی موت کے بعد ابھی تک ان کا کنبہ صدمہ میں ہے۔ ان کی موت کو تقریباً 40 گھنٹے گزر چکے ہیں اور تمام قانونی کارروائیاں بھی مکمل ہو چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کنبہ کو کلیئرینس حاصل ہو چکا ہے جس کے بعد لاش پر لیپ لگایا جا سکتا ہے۔ جسد خاکی کو لانے کے لئے انل امبانی کا نجی طیارہ دبئی پہنچا ہوا ہے اور اس کے رات تک ممبئی پہنچنے کی امید ہے۔
شری دیوی کے سوتیلے بیٹے ارجن کپور اس وقت دبئی میں موجود ہیں۔ کنبہ کی طرف سے بیان جاری کر کے اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ شری دیوی کے جسد خاکی کو ہندوستان لانے کے بعد بھی اس معاملہ کی جانچ دبئی میں چلتی رہے گی۔


27 Feb 2018, 12:41 PM

اداکاراؤں کے داؤد سے تعلقات کی جانچ ہو: سوامی

عجیب و غریب بیان دینے میں پیش پیش رہنے والے سبرامنیم سوامی نے شری دیوی کی موت پر بیان دیا ہے۔ اس معاملہ میں انہوں نے داؤد ابراہیم کا نام گھسیٹ لیا ہے۔ سبرامینم سوامی نے کہا کہ ’’فلم اداکاراؤں اور داؤد کے مابین جو تعلقات ہیں وہ ناجائز تعلقات ہیں، اس پر بھی ہمیں تھوڑا دھیان دینا پڑے گا۔ ‘‘

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ہمیں جانچ پوری ہونے کا انتظار کرنا چاہئے۔ میڈیا میں جو حقائق دکھائے جارہے ہیں وہ یکساں نہیں ہیں۔

27 Feb 2018, 11:58 AM

جسد خاکی ممبئی پہنچنے میں 2-3 دن لگ سکتے ہیں

تازہ اطلاعات کے مطابق شری دیوی کا جسد خاکی جلد ہی دبئی کے المحیسنی کنڈین سیشن سینٹر بھیجا جائے گا جہاں کیمیکل کوٹنگ کی جائے گی۔ یہ ابھی تک صاف نہیں ہے کہ ان کا جسد خاکی کب تک ممبئی پہنچے گا اور اس میں 2-3 دن بھی لگ سکتے ہیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بونی کپور سے اس معاملہ میں پوچھ گچھ نہیں ہوئی ہے انہوں نے صرف اپنا بیان درج کرایا ہے۔

یو اے ای میں ہندوستانی سفیر نودیپ سوری کا کہنا ہے کہ دبئی پولس منظوری ملنے کے بعد جسد خاکی کو سپرد کر سکتی ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کس طرح کی منظوری درکار ہے۔ سوری نے کہا کہ ابھی عبوری عمل جاری ہے جس کے تعلق سے انہیں زیادہ معلومات نہیں ہے۔ سوری نے کہا کہ شری دیوی کے خاندان کے افراد کا دکھ وہ سمجھتے ہیں اور وہ ان سے رابطہ میں ہیں۔ سوری نے کہا کہ پورا عمل مکمل ہونے میں ابھی 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں۔


27 Feb 2018, 11:37 AM

پوسٹ مارٹم دوبارہ کیا جا سکتا ہے!

ٹائمز آف انڈیا اور خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کے سرکاری وکیل ضرورت پڑنے پر شری دیوی کا پوسٹ مارٹم دوبارہ کرا سکتے ہیں۔ دبئی پولس نے بونی کپور کو بغیر اجازت دبئی نہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ شری دیوی کی پرانی میڈیکل رپورٹ اور ان کی سرجری رپورٹ بھی خاندان سے طلب کی گئی ہیں۔

27 Feb 2018, 11:36 AM

ہندوستان میں لوگ آخری دیدر کے لئے منتظر

تقریباً 58 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی شری دیوی کا جسد خاکی ہندوستان کے لئے روانہ نہیں کیا گیا ہے۔ دبئی انتظامیہ تمام طرح کی کارروائیاں انجام دینے میں مصروف ہیں۔ اس کی وجہ سے آخری رسومات ادا ہونے کا وقت ایک بار پھر ٹالا جا سکتا ہے۔


27 Feb 2018, 11:27 AM

دبئی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں: ہندوستانی سفیر

متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر نودیپ سوری نے کہا ہے کہ ’’ہم دبئی انتظامیہ کے ساتھ ملک کر کام کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ سری دیوی کے جسد خاکی کو جلد از جلد ممبئی بھجوایا جائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں پچھلے کئی مواقع پر بھی 2-3 دن کا وقت لگتا رہا ہے۔

27 Feb 2018, 11:12 AM

آٹوپسی رپورٹ آنے کے بعد کئی سوالات اٹھے

شری دیوی کی جو آٹوپسی رپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق موت کا جو وقت بتایا گیا ہے اور ابتدائی رپورٹ میں جو وقت بتایا گیا ہے اس میں 1.5 گھنٹے کا فرق ہے۔ بونی کپور شام 5.30 بجے (دبئی کے معیاری وقت کے مطابق) ہوٹل کے اس کمرے میں گئے تھے جس میں شری دیوی موجود تھیں۔ دونوں میں 15 منٹ تک بات چیت بھی ہوئی تھی۔ پھر تیار ہونے کے لئے شری دیوی باتھ روم میں چلی گئیں اس کے بعد کیا ہوا یہ کوئی نہیں جانتا۔

  • آٹوپسی رپورٹ کے مطابق موت اتوار کی شب 10.01 بجے ہوئی۔
  • بونی کپور کو شری دیوی بے سدھ حالت میں 5.30 بجے ملیں۔
  • آٹوپسی رپورٹ کے مطابق پولس کو رات 9 بجے فون کیا گیا۔
  • پولس کو کال کرنے اور موت کے وقت میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا فرق۔

27 Feb 2018, 10:10 AM

باتھ ٹب میں ڈوبنے سے موت

آخر کار شری دیوی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی جس میں لکھا گیا کہ ان کی موت حادثاً باتھ ٹب (نہانے کے ٹب) میں ڈوبنے سے ہوئی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شری دیوی نشہ کی حالت میں تھیں جس سے ان کا توازن بگڑ گیا اور وہ باتھ ٹب میں گر گئیں۔ ڈوبنے کی وجہ سے موت ہونے کے انکشاف کے بعد دل کے دورہ کی بات بھی جھوٹی ہو گئی۔

27 Feb 2018, 10:07 AM

دل کے دورہ سے جان گئی

پھر یہ خبر سامنے آئی کہ شری دیوی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ کارڈیک اریسٹ اور دل کا دورہ پڑنے میں بنیادی فرق یہ ہے کہ کارڈیک اریسٹ میں کسی کی حرکت قلب اچانک بند ہو جاتی ہے جبکہ دل کے دورے میں دل تک پہنچے والے خون کی روانی بند ہو جاتی ہے۔ پیر کی شام ہوتے ہوتے جب فارینسک رپورٹ سامنے آئی تو یہ انکشاف ہوا کہ شری دیوی کی موت قدرتی طور پر ہوئی ہے۔


27 Feb 2018, 10:05 AM

ادویات کی اوورڈوز بھی وجہ بتائی گئی

کارڈیک اریسٹ اور سرجری کی تھیوری کے بعد یہ کہا گیا کہ شری دیوی کی موت ادویات کی اوورڈوز (زیادہ مقدار) کی وجہ سے ہوئی۔ سوشل میڈیا پر ایک شخص نے لکھا کہ سلم، فٹ اور خوبصورت نظر آنے کے لئے شری دیوی کافی دوائیں لیتی تھیں۔ ان میں کچھ دوائیں ایسی تھیں جو دل کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر دعوی کیا گیا تھا کہ دواؤں کی اوور ڈوز نے شری دیوی کی جان لے لی۔

27 Feb 2018, 10:01 AM

سرجری بھی موت کی وجہ بتائی گئی

کارڈیک اریسٹ کے بعد اس بات پر بھی کافی بحث ہوئی کہ شری دیوی کی موت کی وجہ پلاسٹک سرجری تھی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شری دیوی نے 29 بار اپنی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے لئے پلاسٹک سرجری کرائی تھی۔ کہا جانے لگا کہ ان کی آخری سرجری میں گڑبڑی کی وجہ سے انہیں دوائیاں لینی پڑرہی تھیں۔ کہا گیا کہ کیلی فورنیا کے ڈاکٹر کی صلاح پر انہوں نے کئی ’ڈائٹ پلز‘ اور ’اینٹی ایجنگ‘ ادویات بھی لینی شروع کر دی تھیں جن کا خمیازہ انہیں اپنی موت سے اٹھانا پڑا۔


27 Feb 2018, 9:52 AM

چار دن میں موت کی 5 وجوہات بتا دی گئی ہیں!

سب سے پہلے سامنے آئی خبر میں بتایا گیا کہ شری دیوی کو ’کارڈیک اریسٹ‘ہوا تھا یعنی ان کی حرکت قلب بند ہو گئی تھی۔ لیکن شری دیوی کے دیور اور اداکار سنجے کپور نے بیان دیا کہ شری دیوی دل کی مریض نہیں تھیں۔ شری دیوی اپنی صحت کے تئیں کافی محتاط رہتی تھیں۔ عام طور پر کسی شخص کو کارڈیک اریسٹ تب ہوتا ہے جب اسے پہلے سے دل کا مرض رہا ہو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔