پٹرول پر 20 اور ڈیزل پر 100 روپے کی سبسڈی دے گی سری لنکائی حکومت، حال ہی میں ہندوستان نے 38000 ٹن ایندھن سے کی تھی مدد
سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ’’سبسڈی کی وجہ سے حکومت پر ہر ماہ تقریباً 20 ارب سری لنکائی روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔‘‘

مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے درمیان سری لنکا نے پٹرول اور ڈیزل پر اپنے شہریوں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر انورا کمارا دسانائیکے نے منگل (7 اپریل) کو ایک معاشی ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ہندوستان نے سری لنکا کو پٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کی وجہ سے ملک میں توانائی کے بحران کو سنبھالنے میں مدد ملے گی۔
سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے (جو وزارت خزانہ کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے ہیں) نے کہا کہ حکومت نے ریلیف کے لیے ایندھن، بجلی، گیس اور کھاد جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ڈیزل پر 100 سری لنکائی روپے فی لیٹر اور پٹرول پر 20 سری لنکائی روپے فی لیٹر کی سبسڈی دے گی۔ انورا کمارا دسانائیکے کے مطابق حکومت پر ہر ماہ تقریباً 20 ارب سری لنکائی روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
صدر انورا کمارا دسانائیکے نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ حکومت ملک کی توانائی ضرورتوں کو پورا کرنے لیے مسلسل سفارتی سطح پر کوشش کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم مودی سے بات کی، جس کے بعد ہندوستان ایندھن کی فراہمی پر رضامند ہوا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ روس کے ساتھ گیس، کوئلہ، ایندھن اور کھاد کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت شروع ہو چکی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان 28 فروری سے جاری جنگ کا اثر سری لنکا پر بھی پڑا ہے۔ مارچ میں سری لنکا کو 3 بار ایندھن کی خوردہ قیمتیں بڑھانی پڑیں، جن میں آخری اضافہ 25 فیصد سے زیادہ تھا۔ اس درمیان 28 مارچ کو ہندوستان نے ایمرجنسی امداد کے طور پر 38000 ٹن ایندھن کولمبو بھیجا تھا۔ اس میں 20000 ٹن ڈیزل اور 18000 ٹن پٹرول شامل تھا۔ یہ سپلائی انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) کی مقامی یونٹ لنکا آئی او سی (ایل آئی او سی) کے ذریعہ کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔