کھٹر حکومت میں انعامی رَقم کم ہونے سے کھلاڑی ناراض، وعدہ خلافی کا لگایا الزام

ہریانہ حکومت کی جانب سے ملنے والی انعامی رقم کو کم کیے جانے پر پہلوان بجرنگ پونیا نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں ریاست کے وزیر کھیل انل وِز سے ملاقات کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کی بی جے پی حکومت میں سرکردہ کھلاڑیوں کی ناراضگی ایک بار پھر سامنے آئی ہے۔ یہ ناراضگی منوہر لال کھٹر حکومت میں پہلوان بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگٹ نے ظاہر کی ہے۔ ناراضگی کی وجہ انعامی رقم میں تخفیف ہے۔ ریاستی حکومت کے اس قدم سے مایوس بجرنگ پونیا کا کہنا ہے کہ کھلاڑی حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔

کھلاڑیوں کے ذریعہ ناراضگی ظاہر کیے جانے کے بعد ریاست میں وزیر کھیل انل وِز نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل پالیسی کے مطابق ہی انعامی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ اگر اس میں کوئی گڑبڑی ہوئی ہے تو محکمہ سے بات کر سکتے ہیں اور ہم نے اپنے کھلاڑیوں کی کبھی بے عزتی نہیں کی۔


دراصل پہلوان بجرنگ پونیا نے بی جے پی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں کئی ٹوئٹ کیے ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’جب کھلاڑیوں کو آپ انعام دینے کا وعدہ کرتے ہیں تب ان کھلاڑیوں کو آپ پیسے کا لالچ نہیں بلکہ کھلاڑیوں کا ساتھ دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنے کیے وعدے کو پورا نہیں کر سکتے تو پھر مستقبل میں کوئی بھی کھلاڑی آپ سے کس بات کی امید رکھے۔‘‘

اس سے پہلے انھوں نے منگل کو بھی ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’ہریانہ کے نوجوانوں نے ملک کو کئی بہترین میڈل دیئے ہیں۔ بھلے ہی ہریانہ ایک چھوٹی ریاست ہے، لیکن یہاں کے کھلاڑیوں نے پورے ملک کو کئی بار فخر کا موقع دیا ہے۔ ان کو ملنے والی رقم میں تخفیف کر کے ان کے حوصلوں کو نہ توڑا جائے۔‘‘


دوسری طرف معروف کھلاڑی ونیش پھوگٹ نے بھی اس معاملے میں منگل کے روز ٹوئٹ کیا تھا۔ انھوں نے لکھا تھا کہ ’’ہر بار آپ اسی کوشش میں رہتے ہیں کہ کس طرح کھلاڑیوں کو پریشان کیا جائے۔ میں نے آج تک ہریانہ میں کھلاڑیوں کی اس قدر بے عزتی کرنے والی حکومت نہیں دیکھی ہے۔ میں پوچھنا چاہتی ہوں آپ سے، آپ نے آج تک کتنے کھلاڑیوں کو انعامی رقم اور ملازمت دینے کا کام کیا ہے۔‘‘

مذکورہ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ انعامی رقم میں تخفیف پر اولمپین یوگیشور دَت نے پہلے ہی مایوسی ظاہر کی تھی۔ انھوں نے انل وِز کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’وزیر کھیل جی کھلاڑیوں کی انعامی رقم میں کمی کرنا بہت ہی افسوسناک ہے۔ انعامی رقم میں کمی کرنے کی وجہ کھلاڑیوں کو بتائیے۔ کھلاڑی ہریانہ اور ملک کا وقار بڑھاتے ہیں۔ ان کا حوصلہ بڑھاؤ تاکہ وہ آنے والے اولمپک میں ملک کے لیے زیادہ سے زیادہ میڈل جیت سکیں۔‘‘


یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے جہاں کھلاڑیوں نے منوہر لال کھٹر حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا تھا۔ اس سے قبل نشانہ بازی کی نوجوان کھلاڑی اور اولمپک میں گولڈ میڈل جیتنے والی منو بھاکیر نے ہریانہ کے وزیر کھیل انل وِز پر ’جملہ بازی‘ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ منو بھاکیر نے ہریانہ کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ پہلے حکومت نے 2 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا، پھر انعام کی رقم کم کر دی گئی تھی اور اب کچھ اور کہہ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Jun 2019, 10:10 PM