حراست میں ہلاکت: سری نگر اور اونتی پورہ میں ہڑتال اور جھڑپیں

جونہی رضوان پنڈت کی ہلاکت کی خبر اونتی پورہ میں پھیلی تو وہاں چشم زدن میں تمام دکان وتجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی بند ہوگئی۔

 تصویر / @Faizanaltaf_15
تصویر / @Faizanaltaf_15
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ کے نوجوان پرائیویٹ اسکول پرنسپل کی پولس حراست میں ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی شہر سری نگر کے کئی علاقوں اور اونتی پورہ میں منگل کو آناً فاناً میں مکمل ہڑتال ہوئی۔

یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق جونہی رضوان پنڈت کی ہلاکت کی خبر اونتی پورہ میں پھیلی تو وہاں چشم زدن میں تمام دکان وتجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی بند ہوگئی۔

اس دوران اونتی پورہ میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور فورسز نے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔ شہرسری نگر کے مائسمہ علاقہ کے علاوہ ڈاون ٹاؤن کے کئی علاقوں میں بھی جماعت اسلامی کے کارکن اور پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضوان پنڈت کی زیر حراست موت واقع ہونے کی خبر پھیلتے ہی مکمل ہڑتال ہوئی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اونتی پورہ میں رضوان پنڈت کی رہائش گاہ پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ دریں اثنا حکام نے علاقے میں موبائل انٹرنیٹ سروس احتیاطی طور پر معطل کی ہے۔ واضح رہے کہ پلوامہ کے اونتی پورہ کے رضوان پنڈت نامی ایک نوجوان کی منگل کی صبح پولس حراست میں موت واقع ہوئی۔

پولس نے کہا کہ اس سلسلے میں مجسٹریل تحقیقات ہو رہی ہے اور پولس نے بھی الگ سطح پر تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ ادھر ریاست کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے مرتکبین کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔