دہلی میں تیز رفتار تھار نے دو لوگوں کو کچلا، ایک کی موت، دوسرا شدید زخمی

چانکیہ پوری کے پاش علاقے میں اتوار کی صبح حادثہ پیش آیا۔ جس شخص کی موت ہوئی، وہ سڑک پر پیدل چل رہا تھا، اسی دوران تھار نے اسے ٹکر مار دی۔ مہلوک شخص کی لاش دیر تک سڑک پر پڑی رہی۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

 نئی دہلی کے 11 مورتی کے پاس چانکیہ پوری کے پاش علاقے میں اتوار کی صبح ایک تیز رفتار تھار نے دو لوگوں کو کچل دیا۔ اس سے ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہے، جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کا مقام راشٹرپتی بھون سے صرف 2 کلومیٹر ہی دور ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق جس شخص کی موت ہوئی، وہ سڑک پر پیدل چل رہا تھا، اسی دوران تھار نے اسے ٹکر مار دی، اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ٹکر مارنے کے بعد تھار ڈیوائڈر سے ٹکرا گیا جس سے اس کا اگلا پہیہ بھی کھل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے ایک گھنٹے بعد تک مہلوک شخص کی لاش سڑک پر ہی پڑی رہی۔


چانکیہ پوری تھانہ کی پولیس نے بتایا کہ ایک تیز رفتار تھار نے دو لوگوں کو کچل دیا۔ اس میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ ایک زخمی ہے۔ فی الحال تھار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کی تھار بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ تھار سے شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ معاملے میں آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ملزم تھار ڈرائیور 26 سال کا نوجوان ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے دوست کی تھار لی تھی۔ پوچھ تاچھ میں اس نے بتایا کہ اس کی آنکھ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔ حالانکہ پولیس جانچ کر رہی ہے کہ ملزم ڈرائیور نے شراب پی رکھی تھی یا نہیں جس کے لیے ملزم کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ کار سے شراب کی بوتل ملی ہے، جس کی جانچ بھی فارینسک ٹیم نے کی اور بوتل سے فنگر پرنٹ لے لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔