یوپی اسمبلی انتخاب: سماجوادی پارٹی نے امر دوبے کی ساس کو دیا الیکشن لڑنے کا آفر

امر دوبے شادی کے سات دن بعد ہی بکرو واقعہ میں مارا گیا تھا، اس کے بعد خوشی دوبے کی گرفتاری اور لگاتار جیل میں بند ہونے سے برہمنوں میں برسراقتدار بی جے پی کے خلاف زبردست ناراضگی ہے۔

گایتری تیواری، تصویر آئی اے این ایس
گایتری تیواری، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی نے خوشی دوبے کی ماں گایتری تیواری کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ کی پیشکش کی ہے۔ خوشی دوبے بکرو واقعہ میں ہلاک گینگسٹر وکاس دوبے کے قریبی امر دوبے کی بیوہ ہیں اور فی الحال جیل میں بند ہیں۔ خوشی دوبے کی ماں گایتری دیوی نے بھی کہا ہے کہ اگر اس سے انھیں اپنی بیٹی کو جیل سے باہر نکالنے میں مدد ملتی ہے تو وہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

بکرو واقعہ میں مارے گئے گینگسٹر وکاس دوبے کے قریبی امر دوبے کی ساس گایتری تیواری سے پیر کے روز سماجوادی پارٹی کے منیجر آشیش چترویدی نے رابطہ کیا اور انھیں کانپور میں گووند نگر سے ٹکٹ کی پیشکش کی۔ گایتری تیواری نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر اس سے انھیں اپنی بیٹی کو جیل سے باہر نکالنے میں مدد ملتی ہے تو وہ انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہیں۔


گایتری تیواری نے کہا کہ ’’میں نے اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کے لیے ڈیڑھ سال تک جدوجہد کی، لیکن ناکام رہی۔ اس کی شادی کو صرف تین دن ہوئے تھے جب بکرو قتل عام ہوا تھا اور پولیس نے اسے نابالغ ہونے کے باوجود گرفتار کر لیا تھا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ انھیں اکھلیش یادو کی قیادت پر پورا بھروسہ ہے اور پارٹی نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ خوشی کو ان کی حکومت بننے کے ایک مہینے کے اندر رِہا کر دیا جائے گا۔

دراصل امر دوبے شادی کے سات دن بعد ہی بکرو واقعہ سے متعلق انکاؤنٹر میں مارا گیا تھا۔ اس کے بعد خوشی دوبے کی گرفتاری اور لگاتار جیل میں بند ہونے سے ریاست کے برہمنوں میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کے خلاف غصہ دیکھا گیا۔ برہمن طبقہ کو لگتا ہے کہ واقعہ کے وقت لڑکی کو غلط طریقے سے پھنسا گیا ہے۔


ایسے میں گایتری تیواری کو سماجوادی پارٹی کی طرف سے ٹکٹ کی پیشکش برہمنوں کی ہمدردی حاصل کرنے کی سمت میں ایک قدم کے طور پر مانا جا رہا ہے۔ پارٹی پہلے ہی لکھنؤ کے پاس بھگوان پرشورام کی مورتی قائم کر چکی ہے اور بڑے پیمانے پر برہمنوں کو لبھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔