یوگی کے ’’ٹھوک دو‘‘ حکم سے پولس اور عوام تذبذب کاشکار: اکھلیش

یوگی اسمبلی میں ہوں یا پھر کسی اسٹیج پر ان کی ایک ہی زبان ہوتی ہے ’’ٹھوک دو‘‘ کبھی پولس کو سمجھ میں نہیں آتا کہ کسے ٹھوکنا ہے اور کبھی عوام نہیں سمجھ پاتی کہ کس کو ٹھوکنا تھا اور کس کوٹھوک دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: غازی پور میں بھیڑ کے حملے میں شہید ہیڈکانسٹیبل سریش کمار وتس کی موت پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے اتوار کو اس حادثے کے لئے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدیتہ ناتھ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی’’ ٹھوک دو ‘‘کی پالیسی کا ردعمل ہے اور ان کے اس طرز گفتگو سے پولس اور عوام تذبذب کا شکار ہیں جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

اکھلیش یادو نے یہاں پارٹی دفتر پر منعقد پریس کانفرنس میں کہا‘‘غازی پور میں پولس کانسٹیبل کا قتل کافی تکلیف دہ ہے اس حادثے کے لئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی گمراہ کرنے والی زبان بھی ذمہ دار ہے۔ یوگی اسمبلی میں ہوں یا پھر کسی اسٹیج پر ان کی ایک ہی زبان ہوتی ہے ’’ٹھوک دو‘‘کبھی پولس کو سمجھ میں نہیں آتا کہ کسے ٹھوکنا ہے اور کبھی عوام نہیں سمجھ پاتی کہ کس کو ٹھوکنا تھا اور کس کو ٹھوک دیا۔

انہوں نے کہا کہ نظم ونسق سمیت ہر محاذ پر ناکام بی جے پی کے اسٹیج پراب وہ لوگ بھی نہیں دکھائی دیتے جن کی مدد سے مرکز کے ساتھ ریاست میں حکومت بنی ہے۔ بی جے پی نے ہمیشہ سے ہی اتحادی پارٹیوں کا استعمال کرنے کے بعد انہیں کنارے کردیاہے۔ اپنا دل اور سہیل دیو بھارتی سماج پارٹی کے ساتھ دیگر اتحادی پارٹیوں سے بی جے پی کا رویہ ہمیشہ سوتیلا رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ملک میں کسانوں ، غریبوں اور نوجوانوں کا خیرخواہ بننے کا ڈھونگ کرتی ہے جبکہ حقیقت ہے کہ اس حکومت نے کسانوں کو بھی دھوکہ دیا ہے۔ کسانوں سے قرض معافی کا وعدہ کرنے والی حکومت کے میعاد کار میں کسانوں کو نوٹس مل رہے ہیں ،ساتھ ہی ناتو کسان سے آلو خریدا گیا اور نہ ہی دھان خریدا گیا کسان کھیتوں میں لہلہاتی فصل کی نگرانی کے لئے رات بھر جاگ رہا ہے۔

ایس پی سربراہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کا نوکری دینے کا وعدہ بھی کھوکھلا ثابت ہورہا ہے۔ روزگار پانے کی امید میں ابھی تک ہزاروں کی تعداد میں شکشہ متر خودکشیاں کرچکے ہیں یوگی حکومت ابھی تک ایک یونٹ بجلی بنانے کا انتظام نہیں کرسکی ہے حکومت نہ تو سڑکیں تعمیر کروارہی ہے اور نہ ہی نوجوانوں کو روزگار دے پارہی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ حکومت کو بی جے پی نہیں بلکہ آرایس ایس چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف کاغذوں پر ترقی کا دعوی کررہی ہے ہم نے تو صرف 22 مہینے کے اندر ملک کا سب سے بڑے ایکسپریس وے بنا دیا تھا۔ یہ لوگ پوروانچل ایکسپریس وے کی تعمیر کے نام پر ابھی تک صرف گھاس ہٹا رہے ہیں ۔بی جے پی سب سے بڑی دغاباز اور جھوٹی حکومت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔