سونیا گاندھی کا سائرہ بانو کے نام تعزیتی پیغام- ’آپ کے محبوب شوہر کے انتقال کے ساتھ ہندوستانی سنیما کے سنہری دور کا اختتام ہو گیا‘

سونیا گاندھی نے دلیپ کمار کی بہترین کارکردگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ان کی یادوں کا احترام کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے سائرہ بانو کو اس مصیبت کی گھڑی میں حوصلہ رکھنے کے لئے دعا کی ہے۔

دلیپ کمار اور سائرہ بانو / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @TheDilipKumar
دلیپ کمار اور سائرہ بانو / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @TheDilipKumar
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: شہنشاہ جذبات دلیپ کمار گزشتہ روز اس دارِ فانی سے دارِ بقا کے لئے کوچ کر گئے۔ ان کی وفات سے ان کے ہزاروں مداح رنج و غم میں مبتلا ہو گئے اور ملک و بیرون سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آخری وقت تک سایہ کی طرح ان کی خدمت کرنے والی سائرہ بانو اپنے ’صاحب‘ سے جدا ہو جانے سے ٹوٹ گئی ہیں اور ایک موقع پر شاہ رخ خان انہیں سہارا دیتے ہوئے نظر آئے۔

دریں اثنا، کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے سائرہ بانو کے نام ایک تعزیتی پیغام لکھ کر ان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے دلیپ کمار کی بہترین کارکردگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ان کی یادوں کا احترام کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے سائرہ بانو کو تکلیف کے برداشت کرنے کا حوصلہ فراہم ہونے کے لئے دعا کی ہے۔


سونیا گاندھی نے تعزیتی پیغام میں لکھا، آپ کے محبوب شوہر کے انتقال کے ساتھ ہی ہندوستانی سنیما کے ایک سنہری دور کا اختتام ہو گیا۔ دلیپ کمار صاحب اپنی زندگی کے دوران عظیم شخصیت تھے اور مستقبل میں بھی عظیم شخصیت ہی رہیں گے، کیونکہ فلموں کو پسند کرنے والوں کی آنے والی نسلیں بھی ان کی بہترین ادکاری والی فلموں کو دیکھنا جاری رکھیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گنگا جمنا، داغ، دیدار، مغلِ اعظم، نیا دور، مدھومتی، دیوداس، رام اور شیام جیسی اور نہ جانے کتنی فلموں میں پیش کی گئی حقیقت پسندی، جذبات اور کردار میں جان ڈال دینے کی دلیپ صاحب کی قابلیت کو کون فراموش کر سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی تمام فلموں کے ذریعے ناظرین کو نہ صرف لطف اندوز کر دیا، بلکہ بہترین اداکاری کے ذریعے ان کے دل میں اتر گئے۔


دلیپ کمار صاحب نے ایک طویل اور بھرپور زندگی گزاری اور دنیائے فن و ثقافت کو دیئے گئے تعاون کے ذریعے ہمارے لئے انہوں نے ایک بیش قیمتی وراثت کو چھوڑا ہے۔ ان کی رحلت ان کے ان گنت مداحوں کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر گئی اور ہندوستان ہمیشہ ان کی یادوں کا احترام کرے گا۔ ان کی روح کو سکون نصیب ہو۔ اپنی دلی تعزیت کے ساتھ میں دعا گو ہوں کہ آپ کو اس تکلیف کو برداشت کرنے کا حوصلہ ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔