رائے بریلی فتح کرنے کے بعد سونیا نے لکھا خط، ’ملک کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار‘

کانگریس کی سینئر لیڈر اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے رائے بریلی سیٹ پر کامیابی کے بعد ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ ملک کے بنیادی اقدار کی حفاظت کے لیے وہ اپنا سب کچھ قربان کر سکتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی سابق صدر اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی نے ایک بار پھر رائے بریلی پارلیمانی حلقہ سے جیت حاصل کی ہے اور اس کے بعد ایک خط لکھ کر عوام کے ساتھ ساتھ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماجوادی پارٹی سمیت کچھ دیگر پارٹیوں اور اس کے کارکنان کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ سونیا گاندھی نے ہندی میں لکھے اس خط میں جو کچھ لکھا ہے اس کا ترجمہ کچھ اس طرح ہے...

عزیز لوگو!

میں دل سے آپ سبھی کی شکرگزار ہوں کہ لوک سبھا کے اس الیکشن میں آپ نے ہر بار کی طرح مجھ میں اپنا اعتماد پھر ظاہر کیا۔ کانگریس کے ایک ایک کارکن کے علاوہ سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور سوابھیمان دَل کے ساتھیوں نے بھی جس طرح میری جیت کے لیے محنت کی، اس کے لیے میں سچے دل سے سب کی شکرگزار ہوں۔


میری زندگی آپ سب کے سامنے ایک کھلی کتاب کی طرح رہی ہے۔ آپ میری فیملی ہیں۔ آپ سے مجھے جو ہمت اور حوصلہ ملتا رہا ہے، وہی میری اصلی پونجی ہے۔ میں نے بھی اپنی اس بڑی فیملی کا ہر طرح سے خیال رکھنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔ اپنے نجی خاندانی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے میں نے اپنی عوامی ذمہ داریوں کو بھی ہر طرح سے نبھایا ہے۔ میری آگے بھی یہی کوشش رہے گی کہ میں اس میں کوئی کمی نہ آنے دوں۔

میں جانتی ہوں کہ آنے والے دن اور بھی مشکل بھرے ہیں۔ لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کی حمایت اور بھروسہ کی طاقت کے سہارے کانگریس ہر چیلنج کو پار کرے گی۔ لڑائی کتنی ہی لمبی ہو، میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ ملک کے بنیادی اقدار کی حفاظت کے لیے، کانگریس کے قدیم لیڈروں کی روایت پر عمل کرتے ہوئے، میں بھی اپنا سب کچھ قربان کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹوں گی۔


آپ سے ملی محبت، اپنائیت اور حمایت کے لیے میں آپ کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔

دستخط: سونیا گاندھی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔