SpeakUpForStudentSafety#: طلبا ہندوستان کے مستقبل ہیں، ان کا خیال رکھنا ضروری... سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے کہا کہ طلبا ملک کے مستقبل ہیں، ہم ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے ان پر منحصر ہیں۔ ایسے میں طلبا کے مستقبل کے تعلق سے کوئی فیصلہ لینا ہے تو حکومت کو چاہیے کہ ان کا خیال رکھا جائے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی
کانگریس صدر سونیا گاندھی
user

تنویر

کانگریس پارٹی نے آج ملک بھر میں جہاں جے ای ای اور نیٹ (JEE-NEET) امتحان کو فی الحال ٹالنے کے مطالبہ کو لے کر مظاہرہ کیا، وہیں پارٹی نے طلباء کی حمایت میں سوشل میڈیا پر SpeakUpForStudentSafety# مہم بھی چلائی۔ اس مہم کے تحت کانگریس لیڈران سوشل میڈیا پر طلبا کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے ہوئے نظر آئے۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور مرکزی حکومت کے سامنے طلبا کی بات رکھی۔

کانگریس صدر نے ایک ویڈیو پیغام شیئر کرتے وہئے کہا کہ "میرے پیارے طلبا، میں ایسا محسوس کر رہی ہوں کہ آپ اس وقت مشکل دور کا سامنا کر رہے ہیں۔ آپ کا امتحان کب اور کہاں ہو یہ آپ کے اور آپ کی فیملی کے لیے کافی اہم ایشو ہے۔ آپ ہمارے مستقبل ہیں، ہم ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر کے لیے آپ پر منحصر ہیں۔ اس لیے اگر آپ کے مستقبل کے تعلق سے کوئی فیصلہ لینا ہے تو یہ اہم ہے کہ آپ کا اتفاق بھی اس میں شامل ہو۔ مجھے امید ہے حکومت آپ کی آواز سنے گی اور درست فیصلے لے گی۔"


قابل ذکر ہے کہ اس مہم میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی حصہ لیتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انھوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ "جے ای ای-نیٹ کے امتحان دہندگان کی سیکورٹی کو حکومت کی ناکامیوں کے سبب سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت کو ان کی آواز سننی چاہیے اور ایک عام اتفاق پر پہنچنا چاہیے۔"

جہاں ایک طرف کانگریس لیڈروں نے طلبا کی حمایت میں سوشل میڈیا پر آواز بلند کی ہے، وہیں ملک کے الگ الگ حصوں میں پارٹی کارکنان نے مظاہرہ کر جے ای ای، نیٹ امتحان کو فی الحال ملتوی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ راجستھان، ہریانہ، تلنگانہ، کیرالہ سمیت سبھی ریاستوں میں پارٹی لیڈران اور کارکنان سڑکوں پر اترے اور مرکز کے اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی۔ آسام میں کانگریس لیڈروں اور کارکنان نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2020, 5:56 PM