سونیا گاندھی نے ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی ویر بھدر سنگھ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی

ویر بھدر سنگھ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے دوران سونیا گاندھی کے علاوہ پرینکا گاندھی واڈرا، ہماچل کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری اور ویر بھدر سنگھ کی اہلیہ موجود تھیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے پیر (13 اکتوبر) کو شملہ کے رِج میدان پر ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی ویر بھدر سنگھ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ اس دوران ان کے ساتھ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، نائب وزیر اعلیٰ مکیش اگنی ہوتری، ویر بھدر سنگھ کی اہلیہ اور کانگریس کی ریاستی صدر پرتیبھا سنگھ، ہماچل پردیش کے وزیر وکرم آدتیہ سنگھ، ریاستی کانگریس انچارج رجنی پاٹل، پارٹی کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ، سابق انچارج راجیو شکلا اور رکن پارلیمنٹ دیپیند ہڈا سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔

اس موقع پر پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب کی شروعات سابق وزیر اعلیٰ ویر بھدر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ویر بھدر سنگھ ایسے شخص تھے، جن کے ذرے ذرے میں ہماچل تھا۔ انہوں نے ایک چائے کی دکان کے قصہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ویر بھدر سنگھ کی شخصیت اتنی ملنسار تھی کہ عوام کو یہ محسوس نہیں ہوتا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ ہیں، عوام انہیں اپنا تصور کرتی تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لیڈران کا عوام سے ایسا تعلق کانگریس کی روایت رہی ہے، جو نہرو جی اور اندرا گاندھی کے وقت سے چلی آ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے وزیر اعلیٰ سکھو بھی اسی روایت پر عمل کر رہے ہیں، وہ سادہ زندگی گزارتے ہیں اور ہمیشہ عوام کی بات سنتے ہیں اور ان کے درمیان رہتے ہیں۔


پرینکا گاندھی نے ہماچل پردیش میں آئی قدرتی آفت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مودی حکومت پر ریاست کو نظر انداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ سے ہوئی خوفناک تباہی کے باوجود کانگریس کی حکومت ہونے کے باعث مودی حکومت نے ضروری امداد فراہم نہیں کی۔ انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں خاندان تباہ ہو گئے، گھر بہہ گئے، اسکول برباد ہو گئے، لیکن مرکز کی طرف سے مدد نہیں ملی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج تک جو مدد سکھو حکومت نے مانگی ہے وہ مرکزی حکومت نے نہیں دی ہے۔ ایسا اس لئے ہے کہ بی جے پی کی سیاست صرف اور صرف انتخاب تک ہی محدود رہتی ہے۔ جہاں کانگریس کی حکومت ہوتی ہے، وہاں عوام کی ضرورتوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ آج ہمارے ملک کو ایسے لیڈران کی سب سے زیادہ ضرورت ہے جو تشہیر کے بجائے عوام کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی کی مثال دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ وہ بے خوف ہو کر ملک کے مفاد میں بولتے ہیں۔ وہ اسی نظریہ کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی بنیاد پر یہ ملک بنا ہے، جس کی اقدار پر کانگریس پارٹی چلی ہے اور آگے بھی چلتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ایسی سیاست چاہیے جو ترقی، تعلیم اور روزگار کے لیے پرعزم ہو۔ پرینکا گاندھی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت اس طرح کی سیاست نہیں کر رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔