’بھائی بہنوں کو ایک دوسرے کے خلاف لڑتے دیکھنا افسوسناک‘، سونیا گاندھی نے منی پور کے لوگوں سے کی امن کی اپیل

سونیا گاندھی نے کہا کہ منی پور کی تاریخ میں مختلف ذات، مذہب اور پس منظر کے لوگوں کو گلے لگانے کی طاقت اور صلاحیت ہے، بھائی چارے کے جذبہ کو زندہ رکھنے کے لیے اعتماد اور خیر سگالی کی ضرورت ہے۔

سونیا گاندھی، تصویر قومی آواز/ ویپن
سونیا گاندھی، تصویر قومی آواز/ ویپن
user

قومی آوازبیورو

منی پور میں تقریباً 50 دنوں سے جاری تشدد کے درمیان آج کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو جاری کر منی پور کے لوگوں سے امن اور خیر سگالی کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے اس ویڈیو میں کہا ہے کہ منی پور میں لوگوں کی زندگی کو تباہ کرنے والے خوفناک تشدد نے ہمارے ملک کی روح پر گہرا زخم چھوڑا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر انتہائی غم ہوا ہے کہ لوگوں کو اس واحد جگہ سے ہجرت کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا جسے وہ اپنا گھر کہتے ہیں۔ میں امن اور خیر سگالی کی اپیل کرتی ہوں۔ مجھے منی پور کے لوگوں سے بے پناہ امید اور بھروسہ ہے اور میں جانتی ہوں کہ ہم سب مل کر اس امتحان سے پار پا لیں گے۔

سونیا گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’منی پور کے پیارے بھائیوں اور بہنوں۔ گزشتہ تقریباً 50 دنوں سے ہم منی پور میں ایک بڑا انسانی بحران دیکھ رہے ہیں۔ اس تشدد نے آپ کی ریاست میں ہزاروں لوگوں کی زندگی اجاڑ دی ہے۔ اس حادثہ نے ہمارے ملک کی روح پر ایک گہرا زخم چھوڑا ہے۔ میری ان سبھی کے تئیں گہری ہمدردی ہے جنھوں نے اس تشدد میں اپنوں کو گنوایا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر بے حد افسوس ہوتا ہے کہ لوگ اس جگہ کو چھوڑ کر جانے کے لیے مجبور ہیں جسے وہ اپنا گھر کہتے ہیں۔ اپنی زندگی بھر کی کمائی سے تیار کیا ہوا سب کچھ پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔‘‘


اس ویڈیو میں سونیا گاندھی آگے کہتی ہیں کہ ’’پرامن طریقے سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے والے ہمارے بھائی بہنوں کو ایک دوسرے کے خلاف لڑتے دیکھنا بہت افسوسناک ہے۔ منی پور کی تاریخ میں مختلف ذات، مذہب اور پس منظر کے لوگوں کو گلے لگانے کی طاقت اور صلاحیت ہے۔ یہ ایک متنوع سماج کے امکانات کا ثبوت ہے۔ بھائی چارے کے جذبہ کو زندہ رکھنے کے لیے اعتماد اور خیر سگالی کی ضرورت ہوتی ہے، وہیں نفرت اور تقسیم کی آگ کو بھڑکانے کے لیے صرف ایک غلط قدم کی۔‘‘ پھر وہ کہتی ہیں ’’آج ہم ایک نتیجہ خیز موڑ پر کھڑے ہیں۔ کسی بھی راہ پر چلنے کا ہمارا انتخاب ایک ایسے مستقبل کا خاکہ تیار کرے گا جو ہمارے بچوں کو وراثت میں ملے گا۔ میں منی پور کے لوگوں، خصوصاً اپنی بہادر بہنوں سے یہ اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس خوبصورت زمین پر امن و خیر سگالی کی راہ کی قیادت کریں۔ میں ایک ماں کی شکل میں آپ کے درد کو سمجھتی ہوں۔ میں آپ سبھی سے یہ گزارش کرتی ہوں کہ اپنی روح کی آواز کو پہچانیں۔‘‘

سونیا گاندھی نے لوگوں سے امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہم یکسر اعتماد کا مضبوطی سے نو تعمیر کریں گے۔ مجھے منی پور کے لوگوں سے بہت امیدیں ہیں اور ان کے اوپر بہت یقین ہے۔ میں جانتی ہوں کہ ہم سبھی مل کر یہ امتحان کی گھڑی بھی پار کر لیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔