سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یومِ پیدائش پر سونیا اور راہل نے پیش کیا خراج عقیدت

راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اندرا گاندھی کو پورا ملک ان کی بااثر قیادت کے لیے یاد کرتا ہے، لیکن میں انھیں ہمیشہ اپنی دادی کی شکل میں یاد کرتا ہوں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان کی سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کا آج 103واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی نے اندرا گاندھی میموریل پہنچ کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ میموریل پر گلپوشی کرتے ہوئے دونوں لیڈروں نے اندرا گاندھی کی کاوشوں کو یاد کیا اور ان کی عزت افزائی کی۔

اس سے قبل راہل گاندھی نے آج صبح ’شکتی استھل‘ پہنچ کر بھی اپنی دادی اندرا گاندھی کو گلپوشی کی۔ آنجہانی اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ بھی کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’مضبوط وزیر اعظم اور قوت کی علامت اندرا گاندھی جی کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔ پورا ملک ان کی بااثر قیادت کی آج بھی مثال دیتا ہے، لیکن میں انھیں ہمیشہ اپنی پیاری دادی کی شکل میں یاد کرتا ہوں۔ ان کی سکھائی ہوئی باتیں مجھے ہمیشہ ترغیب دیتی ہیں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی بیٹی اندرا گاندھی کی پیدائش 19 نومبر 1917 کو ہوئی تھی۔ 1966 سے 1977 اور پھر 1980 سے 1984 میں اپنے انتقال تک وہ ہندوستان کی وزیر اعظم رہیں۔ انھیں اپنے والد جواہر لال نہرو کے بعد سب سے زیادہ وقت تک ملک کا وزیر اعظم رہنے کا شرف حاصل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔