سون بھدر قتلِ عام: خوفناک ویڈیو آیا سامنے، سنائی دی اندھا دھند فائرنگ میں لوگوں کی چیخ و پکار

اتر پردیش کے سون بھدر میں 17 جولائی کو ہوئے قتل عام کا ایک خوفناک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے۔ ویڈیو میں رونے پیٹنے کی آوازوں کے درمیان خون سے لت پت لاشیں صاف نظر آ رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سون بھدر میں گزشتہ 17 جولائی کو ہوئے قتل عام کا خوفناک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ اس ویڈیو میں لوگ ہتھیاروں سے لیس ہو کر حملہ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں گولیوں کی آواز کے درمیان لوگوں کی چیخ و پکار صاف سنائی دے رہی ہے۔ ویڈیو میں جو کچھ دکھائی اور سنائی دے رہا ہے اس سے صاف ہوتا ہے کہ اس وقت حالات کافی خوفناک تھے اور صرف خون سے لت پت لاشیں اور رونے پیٹنے کی آوازیں ہر طرف پھیلی ہوئی تھیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔

ویڈیو میں ایک شخص یہ پوچھتا ہوا نظر آ رہا ہے کہ کس نے گولی ماری؟ تو وہاں موجود لوگ بھاگتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں واقعہ کے فوراً بعد ہونے والی چیخ و پکار بھی سنائی دے رہی ہے۔ اس قتل عام میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی تھی جب کہ 24 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ اس معاملے میں انتظامیہ کی جانب سے 29 لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ساتھ ہی کئی دیگر لوگوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ضلع میں 2 مہینے تک دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔


غور طلب ہے کہ 17 جولائی کو گوجر طبقہ کے لوگوں نے گونڈ قبائلیوں پر زمین کے قبضے کو لے کر حملہ کر دیا تھا۔ گاؤں کے پردھان یگیہ دَت گوجر نے ایک بڑی زمین خریدی تھی، لیکن اس پر نسلوں سے قبائلی زراعت کر رہے تھے۔ پردھان 200 سے زیادہ لوگوں کو لے کر اسی زمین پر قبضہ کرنے کے لیے آیا تھا۔ اس دوران پردھان کے لوگوں نے قبائلیوں پر بندوق، ڈنڈا، گنڈاسے اور دوسرے ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں 24 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔

’سون بھدر قتل عام‘ کے بعد جمعہ کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سون بھدر میں مہلوکین کے گھر والوں سے ملنے جا رہی تھیں، لیکن انھیں ایسا کرنے سے روک لیا گیا۔ اسپتال میں زخمیوں سے ملاقات کرنے کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری جب اُمبھا گاؤں میں مہلوکین کے اہل خانہ سے ملنے جا رہی تھیں، اسی دوران انھیں راستے میں پولس نے حراست میں لے لیا تھا۔ اس کے بعد پولس انھیں چنار گیسٹ ہاؤس لے گئی تھی۔ متاثرین سے ملنے کا مالبہ کرتے ہوئے چنار گیسٹ ہاؤس میں پرینکا گاندھی دھرنے پر بیٹھ گئی تھیں۔ جمعہ کی رات انھوں نے شدید گرمی میں گیسٹ ہاؤس میں دھرنے پر گزاری۔ 24 گھنٹے بعد متاثرین نے چنار گیسٹ ہاؤس کے باہر پرینکا گاندھی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد انھوں نے اپنا دھرنا ختم کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Jul 2019, 8:10 PM