جودھ پور جیل میں قید سونم وانگچک کی طبیعت بگڑی، پولیس نے ایمس میں کرایا داخل

سونم وانگچک کو جیل سے ایمس جودھپور تک لے جانے سے قبل پورے راستہ کا سیکورٹی انتظام سخت کر دیا گیا تھا۔ جیل احاطہ سے لے کر اسپتال تک اضافی سیکورٹی فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>سونم وانگچک</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

سپریم کورٹ کی پھٹکار کے بعد لداخ کے مشہور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو ہفتہ کی صبح ایمس جودھ پور لے جایا گیا جہاں طبی جانچ کرائی گئی۔ بتایا گیا کہ جیل میں آلودہ پانی کے استعمال سے انھیں پیٹ میں سنگین انفیکشن کی شکایت تھی، جس کے بعد طبی جانچ کی ضرورت پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سونم وانگچک کو سخت سیکورٹی انتظام کے درمیان جودھ پور سنٹرل جیل سے ایمس لایا گیا۔

سونم وانگچک کو جیل سے ایمس جودھ پور تک لے جانے سے قبل پورے راستہ کا سیکورٹی انتظام سخت کر دیا گیا تھا۔ جیل احاطہ سے لے کر اسپتال تک اضافی سیکورٹی فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔ سونم وانگچک کو خصوصی سیکورٹی دائرہ بنا کر اسپتال لے جایا گیا۔ ایمس جودھپور میں سونم کی جانچ سینئر ڈاکٹرس کی ٹیم کی نگرانی میں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ان کے پیٹ سے متعلق مسائل کو دیکھتے ہوئے گیسٹرو اینٹیرولاجسٹ کی طرف سے خاص طور سے ٹیسٹ کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے ضروری طبی جانچ کر ان کے حالات کا باریکی سے جائزہ لیا۔


اس سے قبل سپریم کورٹ نے پینے کے آلودہ پانی کا استعمال کرنے سے سونم وانگچک کو ہوئی پیٹ کی تکلیف سے متعلق شکایت سنی۔ اس بارے میں جمعرات کو عدالت نے حکم دیا کہ ان کی طبی جانچ ماہر ڈاکٹروں کے ذریعہ کی جائے۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس پی بی ورالے کی بنچ نے جیل افسرا کو حکم دیا کہ سونم وانگچک کی میڈیکل رپورٹ پیر تک سیل بند لفافے میں دستیاب کرائی جائے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور چھٹی شیڈیول میں شامل کرنے سے متعلق مطالبہ پر ہوئے پُرتشدد مظاہروں کے 2 دن بعد 26 ستمبر کو وانگچک کو سخت قومی سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ اس مظاہرہ کے دوران مرکز کے زیر انتظام خطہ میں 4 لوگ ہلاک ہو گئے تھے اور 90 افراد زخمی ہوئے تھے۔ حکومت نے وانگچک پر تشدد بھڑکانے کا الزام عائد کیا ہے۔ تب سے وانگچک جودھپور سنٹرل جیل میں زیر حراست ہیں۔