رکن پارلیمنٹ وینا دیوی اور ایم ایل سی دنیش سنگھ کے بیٹے چھوٹو سنگھ کی مظفر پور میں سڑک حادثے میں موت
ویشالی کی رکن پارلیمنٹ وینا دیوی کے بیٹے چھوٹو سنگھ کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
ایل جے پی (آر) کی رکن پارلیمنٹ وینا دیوی کے بیٹے چھوٹو سنگھ کی پیر یعنی23 ستمبر شام کو بہار کے مظفر پور میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ وینا دیوی ویشالی سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ یہ حادثہ مظفر پور جیت پور کے پوکھریرا میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ اطلاع کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔
معلومات کے مطابق، ویشالی کی رکن پارلیمنٹ وینا دیوی اور ایم ایل سی دنیش سنگھ کے بیٹے چھوٹو سنگھ کی مظفر پور کے جیت پور تھانہ علاقے میں دنیشور پٹرول پمپ کے قریب سڑک حادثے میں موت ہو گئی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزید کارروائی شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ دنیشور پٹرول پمپ کے قریب بائک سے جا رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، ٹکر اتنی شدید تھی کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے بعد آس پاس کے لوگوں نے انہیں اسپتال لے جانے کی کوشش کی لیکن تب تک وہ دم توڑ چکا تھا۔
متوفی چھوٹو سنگھ رکن پارلیمنٹ وینا دیوی اور ایم ایل سی دنیش سنگھ کے بڑےبیٹے تھے۔ اس وقت دنیش سنگھ جے ڈی یو کے ایم ایل سی ہیں اور ان کی بیوی وینا دیوی ایل جے پی (رام ولاس) کے ٹکٹ پر ویشالی سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ متوفی کی بیوی انوپما دیوی ضلع پریشد کی نائب صدر ہیں۔ اس واقعہ کے بعد سے وینا دیوی کی رہائش گاہ پر سوگواروں کا ہجوم جمع ہو گیا اور لواحقین کا برا حال ہے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق اس معاملے میں سرایا کے ایس ڈی پی او کمار چندن نے بتایا کہ چھوٹو سنگھ کی موت سڑک حادثے میں ہوئی ہے۔ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ایس کے ایم سی ایچ میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔