شمسی توانائی سے انسانیت کا مستقبل بچایا جا سکتا ہے: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صنعتی انقلاب نے فطرت کے توازن کو بگاڑ کر ماحولیات کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، لیکن ہم سورج کے توسط سے دوبارہ جڑ کر انسانیت کے مستقبل کو بچا سکتے ہیں

وزیر اعطم مودی
وزیر اعطم مودی
user

یو این آئی

گلاسگو/نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ صنعتی انقلاب نے فطرت کے توازن کو بگاڑ کر ماحولیات کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، لیکن ہم سورج کے توسط سے دوبارہ جڑ کر انسانیت کے مستقبل کو بچا سکتے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے یہ بات منگل کو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ساتھ مشترکہ طور پر ’ون گرین گرڈ، 'ون سن، ون ورلڈ اینڈ ون گرڈ‘ پہل کو شروع کرنے کے موقع پر کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے کئی سال پہلے اس اقدام کا تصور کیا تھا اور آج یہ ایک شکل اختیار کر رہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ایک اور اہم اعلان بھی کیا کہ ہندوستان کی خلائی ایجنسی اسرو جلد ہی ایک سولر کیلکولیٹر بنانے جا رہی ہے جو کسی بھی جگہ کی شمسی توانائی کی صلاحیت کی پیمائش کرے گی۔

انہوں نے کہا ’’میرے کئی سال پرانے وژن نے آج انٹرنیشنل سولر الائنس اور برطانیہ کے گرین گرڈ انیشیٹو کے ساتھ 'ون سن، ون ورلڈ، ون گرڈ' کے آغاز پر ایک ٹھوس شکل اختیار کر لی ہے۔"


وزیراعظم نے کہا کہ فوسل ایندھن کی بنیاد پر آنے والے صنعتی انقلاب نے بہت سے ممالک کو خوشحال بنایا لیکن اس نے زمین اور ماحول کو غریب بناکررکھ دیا۔ ایندھن کی اس دوڑ نے جیو پولیٹیکل تناؤ بھی پیدا کیا لیکن آج ٹیکنالوجی نے ہمیں ایک بہترین متبادل فراہم کیا ہے۔ ہما رے یہاں بتایا گیا ہے کہ ہر چیز کی ابتدا سورج سے ہوئی ہے اور یہ ہر ایک کی توانائی کا ذریعہ ہے، اور یہی سب کو برقرار رکھتا ہے۔

جب سے زمین پر زندگی کی ابتدا ہوئی ہے، تمام مخلوقات کی زندگی کا چکر سورج کے طلوع و غروب سے جڑا ہوا ہے۔ جب تک فطرت سے تعلق رہا ہے ہمارا کرہ ارض بھی صحت مند رہا ہے لیکن دور جدید میں انسان نے سورج کے اس چکر سے آگے نکلنے کی دوڑ میں قدرتی توازن کو بگاڑ دیا ہے اور ماحول کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دوبارہ فطرت کے ساتھ متوازن زندگی کا رشتہ قائم کرنا ہے تو اس کا راستہ سورج کی روشنی سے منور ہو گا۔ انسانیت کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہمیں دوبارہ سورج کے ساتھ چلنا ہوگا کیونکہ پوری انسانیت ایک سال میں جتنی توانائی استعمال کرتی ہے اتنی ہی سورج زمین کو ایک گھنٹے میں دیتا ہے اور یہ مکمل طور پر صاف ستھری اور پائیدار توانائی ہے۔

شمسی توانائی سے متعلق مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ واحد چیلنج یہ ہے کہ شمسی توانائی صرف دن کے وقت دستیاب ہے اور یہ موسم پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو ذہن میں رکھتے ہوئے ’ایک سورج، ایک دنیا اور ایک گرڈ‘ کا تصور کیا گیا ہے اور یہی اس چیلنج کا حل ہے کیونکہ عالمی گرڈ سے ہر وقت صاف توانائی ہر جگہ دستیاب ہوگی۔ اس سے اسٹوریج کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی اور سولر پروجیکٹس کی مدت میں بھی اضافہ ہو گا۔


انہوں نے کہا کہ یہ گرین گرڈ نہ صرف کاربن فوٹ پرنٹ اور توانائی کی لاگت کو کم کرے گا بلکہ مختلف خطوں اور ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں بھی کھولے گا۔ انہوں نے کہا’’مجھے یقین ہے کہ یہ نیا اقدام، ہم آہنگی کے ساتھ، ایک مربوط اور مضبوط عالمی گرڈ کی ترقی کا باعث بنے گا۔‘‘

دنیا کو سولر کیلکولیٹر کا تحفہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا’’میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری خلائی ایجنسی اسرو دنیا کو سولر ایپلی کیشن سولر کیلکولیٹر دینے جا رہی ہے۔ اس کے ذریعے دنیا میں کسی بھی جگہ کی شمسی توانائی کی صلاحیت کو سیٹلائٹ ڈیٹا کی بنیاد پر اسکی پیمائش کی جاسکتی ہے۔ یہ ایپ سولر پراجیکٹس کے مقام کا تعین کرنے میں کارآمد ثابت ہوگی اور گرین گرڈ کے تصور کو بھی تقویت دے گی۔ انہوں نے اس کے لیے انٹرنیشنل سولر الائنس کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس اقدام میں تعاون کے لیے جانسن کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔