رمضان میں سماجی فاصلے پر عمل کریں: نقوی

مرکزی وزیر نے کہا کہ صحت کے اہلکاروں، سیکورٹی فورسز، انتظامی افسران اور صفائی ملازمین سے تعاون کیا جانا چاہیے۔ یہ لوگ اپنی جان ہتھیلی پر لے کر عوامی صحت کے تحفظ کے لئے کام کر رہے ہیں۔

مختار عباس نقوی
مختار عباس نقوی
user

یو این آئی

نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر اور مرکزی وقف کونسل کے چیرمین مختار عباس نقوی نے رمضان کے مقدس مہینے میں تمام مذہبی، عوامی، ذاتی مقامات پر لاک ڈاؤن، کرفیو، سماجی فاصلے، پر موثر طریقے سے عمل کرنے اور لوگوں کو اپنے اپنے گھروں میں ہی رہ کر عبادت وغیرہ کرنے کی اپیل کی ہے

نقوی نے جمعرات کو ملک کے 30 سے زیادہ ریاستی وقف بورڈز کے سینئر افسران سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کی۔ ملک کے مختلف وقف بورڈز کے تحت سات لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ مساجد، عید گاہ، درگاہ، امام باڑے اور دیگر مذہبی و سماجی مقامات ہیں۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں اترپردیش (شیعہ اور سنی)، آندھرا پردیش، بہار (شیعہ اور سنی)، دادر اور ناگر حویلی، ہریانہ، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، پنجاب، مغربی بنگال، دہلی، آسام، منی پور، راجستھان، تلنگانہ، انڈومان اور ن، چھتیس گڑھ، گجرات، ہماچل پردیش، جموں اور کشمیر، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، اڑیسہ، پڈوچیری، تمل ناڈو، تریپورہ اور اتراکھنڈ وغیرہ کے وقف بورڈز کے سینئر افسران شامل ہوئے۔


مرکزی وزیر نے کہا کہ صحت کے اہلکاروں، سیکورٹی فورسز، انتظامی افسران اور صفائی ملازمین سے تعاون کیا جانا چاہیے۔ یہ لوگ اپنی جان ہتھیلی پر لے کر عوامی صحت کے تحفظ کے لئے کام کر رہے ہیں۔ کوارنٹائن، گوشہ تنہائی سینٹروں کی سلسلے میں پھیلائی جا نے والی افواہوں کو غلط ثابت کیا جانا چاہیے اور لوگوں میں بیداری پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، ”ہمیں بتانا چاہیے کہ ایسے مرکز لوگوں، ان کے خاندان اور معاشرے کو کسی بھی طرح کے انفیکشن سے محفوظ کرنے کے لئے ہیں“۔

نقوی نے تمام ریاستی وقف بورڈز، مذہبی، سماجی تنظیموں سے کہا کہ جعلی نیوز اور اشتعال انگیز باتوں اور افواہ پھیلانے والی سازش سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ ملک میں بلا تفریق تمام شہریوں کی صحت سلامتی کے لئے کام ہو رہا ہے۔ اس طرح کی سازش، کورونا کے خلاف ملک کی اجتماعی جنگ کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ سب کو چوکنا اور ہوشیار ہو کر یکجہتی کے ساتھ ایسی سازشوں، پروپیگنڈے، افواہوں کو شکست دے کر کورونا کے خلاف اس جنگ میں فتح حاصل کرنی ہے۔


انہوں نے تمام ریاستی وقف بورڈز کے افسران سے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادت، افطار، تراویح اور دیگر مذہبی سرگرمیوں میں مرکزی وزارت داخلہ، ریاستی حکومتوں اور مرکزی وقف کونسل کے رہنما ہدایات پر عمل یقینی بنانے میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنجوں کے پیش نظر ملک کے تمام مندروں، گرودواروں، گرجا گھروں اور دیگر مذہبی و سماجی مقامات پر بھیڑ بھاڑ والی تمام مذہبی و سماجی سرگرمیاں رکی ہوئی ہیں۔ اسی طرح تمام مساجد اور دیگر مسلم مذہبی مقامات پر کسی بھی طرح کی بھیڑ بھاڑ والی مذہبی سرگرمی نہیں ہو رہی ہے۔ کورونا کے قہر کی وجہ ملک کے تمام علاقوں کے مذہبی رہنماؤں، مذہبی۔سماجی تنظیموں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادت، افطار، تراویح اور دیگر مذہبی فرض، سوشل ڈسٹینسگ پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */