پہاڑوں پر برفباری سے دہلی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں ٹھنڈ میں اضافہ، پہلگام اور گلمرگ میں پارہ نچلے سطح پر

پہلگام اور گلمرگ میں پارہ گرنے سے ٹھنڈ بڑھ گئی، جبکہ شمالی ہند کے میدانی علاقوں میں سردیوں کی پہلی ہلکی بارش درج ہوئی، جس سے دہلی اور دیگر ریاستوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا

<div class="paragraphs"><p>سردی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سردی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پہاڑوں پر برفباری کا اثر قومی راجدھانی دہلی اور ملک کی دیگر ریاستوں میں نظر آنے لگا ہے۔ دہلی میں پیر کا دن اس موسم کا سب سے ٹھنڈا دن ثابت ہوا۔ اس دوران دہلی والوں کو کافی ٹھٹھرن کا احساس ہوا۔ آنے والے دنوں میں ٹھنڈ اور ٹھٹھرن مزید بڑھنے اور درجہ حرارت میں گراوٹ کا دور جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو صبح میں دھند اور کہرا رہنے کا امکان ہے۔ رات کے وقت بھی یہی حالت بنی رہے گی۔ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 23 اور 7 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔

دوسری طرف ممبئی میں بھی اس وقت زوردار ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ یہاں گزشتہ ہفتہ سے ٹھنڈ پڑنی شروع ہو گئی تھی لیکن پیر کی رات شہر میں اس موسم کی سب سے ٹھنڈی رات رہی۔ اس دوران درجہ حرارت 13٫7 تک پہنچ گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایسا قریب 9 سال بعد ہوا ہے اس سے پہلے 24 دسمبر 2015 کو ممبئی کا کم سے کم درجہ حرارت 11٫4 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔ یہاں پر رات کے ساتھ ساتھ دن میں بھی بھی جم کر ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔


شمالی ہند کے میدانی علاقوں میں سردیوں کی پہلی بارش کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں پہلے بھی ہلکی بارش ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ ہماچل پردیش کے لاہول-اسپیتی، کُفری، شملہ اور منالی میں موسم کی پہلی برفباری ہوئی۔ وہیں اتراکھنڈ کی نچلی پہاڑیوں پر بھی بارش ہوئی۔ شمالی حصوں کے میدانی علاقوں جیسے پنجاب، ہریانہ، دہلی اور اتر پردیش میں بھی ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ دہلی میں پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں آنے لگی ہیں، جس سے ملک کی راجدھانی میں سردی بڑھ گئی ہے۔

برفباری کے بعد پہلگام اور گلمرگ کا پارہ اس موسم کے سب سے نچلے سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں بالترتیب مائنس 7 ڈگری سیلسیس اور مائنس 9 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ وادیٔ کشمیر میں بارش اور برفباری امید سے کم رہی۔

پنجاب کے پٹیالہ، امبالہ، چنڈی گڑھ، ہریانہ کے کچھ حصوں، دہلی، میرٹھ اور بریلی میں بھی ہلکی بارش درج کی گئی۔ اگلے تین دنوں تک موسم کی سرگرمیاں سمٹ کر اونچائی والے علاقوں تک محدود ہو جانے کا امکان ہے۔ 12 سے 13 دسمبر کے درمیان پہاڑوں میں موسم صاف ہونے کی امید ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔