کانپور اسٹیشن سے اسمگلر گرفتار، دو کروڑ کی ہیروئن برآمد

گرفتار شدہ اسمگلر نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ وہ یہ ہیروئن دیما پور سے لیکر آرہا ہے اور لکھنؤ کے جے ڈی نام کے ایک شخص کو دینے والا تھا، جس کے لئے اسے 17 لاکھ روپے پہلے ہی مل چکے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش پولس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوے کانپور اسٹیشن سے بین الاقوامی اسمگلر کو گرفتار کیا ہے جس کے قبضے سے دو کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی جس کی قیمت تقریباً دو کروڑ لگائی گئی ہے۔

ایس ٹی ایف کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ ابھیشیک سنگھ نے اتوار کے روز یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ بین الاقوامی سطح پر نشیلی اشیا (ہیروئن) اسمگل کرنے والے گروپ کا ایک اسمگلر سات جون کو دو کلوگرام ہیروئن لیکر راجدھانی ایکسپریس سے چلے گا اور آٹھ جون کو وہ کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن پر پہنچے گا۔


اس اطلاع پر ایس ٹی ایف اور این سی بی کی ٹیم کانپور اسٹیشن پر پہنچی اور ٹرین رکنے پر مخبر کی شناخت کے بعد اسمگلر کو گرفت میں لے لیا۔ گرفتار کیے گئے اسمگلر کے بیگ سے دو کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ اسمگلر کا نام گجیندر سنگھ بتایا گیا ہے اور وہ ضلع قنوج کے روپ پور گاؤں کا رہنے والا ہے۔ ہیروئن کے علاوہ اس کے قبضے سے 13 ہزار روپے کی نقدی، دو موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ اسمگلر نے پوچھ تاچھ کے دوران بتایا کہ وہ یہ ہیروئن دیما پور سے لیکر آرہا ہے اور لکھنٔو کے جے ڈی نام کے ایک شخص کو دینے والا تھا، جس کے لئے اسے 17 لاکھ روپے پہلے ہی مل چکے ہیں۔ پولس اس کی تلاش کر رہی ہے۔ گجیندر نے بتایا کہ وہ اس کے قبل مدھیہ پردیش میں گاڑیوں کے ٹائر کا بزنس کرتا تھا۔ کاروبار میں خسارہ اور قرض دار ہونے پر سال 2015 میں اس کی ٹائر ایجنسی بند ہوگئی تھی۔ اس کے بعد ایک تھوول منی پور کے رہنے والے فقیر سے بھوپال میں اس کا رابطہ ہوا اور اس نے اس کا رابطہ اپنے گاؤں کے فیروز سے کرا دیا۔ جو اسمیک اور ہیروئن اسمگل کرتا تھا۔


سنگھ نے بتایا کہ پیسہ کمانے کے لالچ میں یہ اسمگلر فیروز کے ساتھ وابستہ ہوگیا اور اسمیک اور ہیروئن کے کیریئر کا کام کرنے لگا، پیسہ اور رابطہ ہونے پر وہ اپنے پیسوں سے اسمیک اور ہیروئن خرید کر لکھنٔو، بارابنکی اور آس پاس کے اضلاع میں سپلائی کرنے لگا۔ اس سے دو کلوگرام ہیروئن کے ساتھ جولائی 2017 میں گوہاٹی پولس نے پکڑلیا تھا جس کی سزا کے طور پر اسے تقریباً 9 مہینے جیل میں رہنے پڑا تھا اور وہاں سے باہر آنے کے بعد وہ دوبارہ اس دھندے میں لگ گیا اور کانپور میں پکڑ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں این سی بی نے معاملہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔