اگر مودی جی نے ’سنیاس‘ لیا تو میں بھی سیاست کو خیر باد کہہ دوں گی: اسمرتی ایرانی

مہاراشٹر میں ایک تقریب کے دوران مرکز کی مودی حکومت میں وزیر اسمرتی ایرانی نے اعلان کر دیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس دن سیاست سے ’سنیاس‘ لیں گے، اسی دن وہ بھی سیاست کو الوداع کہہ دیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی کابینہ میں وزیر اسمرتی ایرانی نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جس دن سیاست چھوڑنے کا فیصلہ لیں گے، وہ بھی اسی دن سیاست کو خیر باد کہہ دیں گی۔ حالانکہ اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وقت آنے میں ابھی طویل مدت ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ پی ایم مودی ابھی کئی سال تک سیاست میں رہیں گے۔ ایرانی نے یہ بات اتوار کو مہاراشٹر کے پونے میں منعقد ’ورڈس کاؤنٹ فیسٹیول‘ میں ایک شخص کے سوال کے جواب میں کہی۔

دراصل ایک شخص نے ان سے سوال کیا تھا کہ وہ کب ’پردھان سیوک بنیں گی؟‘‘ اس سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کبھی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اس معاملے میں بہت خوش قسمت رہی ہوں کہ میں سیاست میں کرشمائی لیڈروں کے ساتھ کام کرنے آئی تھی اور میں نے آنجہانی اٹل بہاری واجپئی جیسے لیڈر کی قیادت میں کام کیا اور اب مودی جی کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی ایرانی نے کہا کہ ’’جس دن ’پردھان سیوک‘ نریندر مودی سیاست سے سنیاس لینے کا فیصلہ کریں گے، میں بھی اسی دن سیاست کو الوداع کہہ دوں گی۔‘‘

تقریب میں جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ پی ایم مودی کے علاوہ بھی کسی لیڈر کے ماتحت کام کرنا چاہتی ہیں، تو اس پر انھوں نے ٹال مٹول والا رویہ اختیار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیا میں حال میں راج ناتھ سنگھ اور نتن گڈکری جیسے لیڈروں کے ماتحت کام نہیں کر رہی ہوں؟ گزشتہ 18 سال کے دران میں نے تنظیم میں کئی لیڈروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ اس دوران مجھے واجپئی اور اڈوانی جی جیسے لیڈروں کے ماتحت کام کرنے کا بھی موقع ملا۔‘‘

پروگرام کے دوران یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ کانگریس صدر راہل گاندھی کے خلاف امیٹھی سے انتخاب لڑیں گی، تو انھوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ ان کی پارٹی اور اس کے صدر امت شاہ کریں گے۔ بتا دیں کہ 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں اسمرتی ایرانی نے امیٹھی سے راہل گاندھی کے خلاف انتخاب لڑا تھا جس میں انھیں شکست حاصل ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Feb 2019, 4:09 PM