’تاؤکتے‘ طوفان نے مچائی تباہی، مہاراشٹر میں 6 کی موت ، گجرات ساحل سے 2لاکھ کو کیا منتقل

ممبئی میں کل بارش کا سلسلہ وفقہ وقفہ سے جاری رہا اور طوفانی ہوائیں 80-120 کلومیٹر کی رفتار سے جاری رہیں جس کی وجہ سے متعدد مکانات کی سمینٹ شیڈ اور چھتیں اڑاگئیں۔

ممبئی کی تصویر
ممبئی کی تصویر
user

قومی آوازبیورو

بحیرہ عرب میں اٹھا انتہائی شدید ’تاؤ کتے‘ طوفان کل دیر رات گجرات کے سوراشٹر کے ساحل سے ٹکرایا لیکن بتایا یہ جا رہا ہے کہ اس کی شدت میں کمی آئی ہے اور وہ کمزور پڑ رہا ہے ۔ واضح رہےگجرات کےساحلی علاقوں سےدو لاکھ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اس سےپہلے کل مہاراشٹر میں طوفان نےزبردست تباہی مچائی اور خبر ہے کہ اس میں چھہ افراد کی جان جا چکی ہے۔

کل عروس البلاد ممبئی "تاؤکتے" نامی طوفان کی زد میں رہا ،جس کے ساتھ ہی تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے بحیرہ عرب میں طغیانی نے شہریوں کے ہوش اڑادئیے ۔ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند کر دیاگیا تھا۔کوکن میں دو افراد کے فوت ہونے کی اطلاع ہے ،وہیں بحریہ کے دو جہازوں کی مدد سے او این جی سی کے بمبئی ہائی کے پلیٹ فارم سے 273افراد کو بچایا گیا ہے۔شہر اور مضافات میں سینکڑوں درخت اکھڑ گئے ،جس کا موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر اثر پڑاہے۔این ایس ڈر آر کو الرٹ رکھا گیا ہے۔


ممبئی میں بارش کا سلسلہ وفقہ وقفہ سے جاری رہا اور طوفانی ہوائیں 80-120 کلومیٹر کی رفتار سے جاری رہیں جس کی وجہ سے متعدد مکانات کی سمینٹ شیڈ اور چھتیں اڑاگئیں۔ٹی وی کی ڈش اور کئی جگہوں پر موبائل ٹاور کو نقصان پہنچا ہے۔شہر میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔نوی ممبئی میں ایک نوجوان اور رائے گڑھ میں بھی ایک خاتون دیوار گرنے سے ہلاک ہوگئے۔فی الحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں کی رفتار 120کلومیٹر فی گھنٹہ رہی تھی۔اتوار اور پیر کی نصف شب سے یہ سلسلہ شروع ہوا۔طوفان نے گجرات کی طرف رخ کرلیا ہےاور رات دیر گئے اسے گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کی۔ہدایت پر سندھودرگ،رتناگیری اور رائے گڑھ کے ساحلی علاقوں سے 12420 افراد کو ہٹالیا گیاہے۔ائیر پورٹ کو پہلے چار بجے اور پھر رات آٹھ بجے تک سبھی پروازوں کے لیے بند کردیاگیاتھا۔


شہر میں پیر کی دوپہر تک 79.4 ایم ایم اور مضافات میں 44.6ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جنوبی اور جنوب وسطی علاقے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگئے۔ (یو این آئی کے انپٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔