آندھرا پردیش میں ٹرین حادثہ، 6 مسافروں کی موت ، کونارک ایکسپریس نے کچل دیا

آندھرا پردیش کے شریکاکولم ضلع میں پیر کی رات دیر گئے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں کونارک ایکسپریس ٹرین کی زد میں آکر تقریباً 6 لوگوں کی موت ہوگئی۔

علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
علامتی فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آندھرا پردیش کے شریکاکولم ضلع میں پیر کی رات دیر گئے ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق وہاں کونارک ایکسپریس ٹرین کی زد میں آکر تقریباً 6 لوگوں کی موت ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد گوہاٹی جانے والی سپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین کے مسافر تھے۔ بٹوا گاؤں میں کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹرین کے رکنے پر یہ لوگ برابر والے ریلوے ٹریک پر اتر گئے۔ اسی دوران مخالف سمت سے کونارک ایکسپریس ٹرین آئی اور ان 6 لوگوں کو روند کر چلی گئی۔ حادثے میں کچھ لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے ۔


اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق شریکاکولم کے ایس پی جی آر رادھیکا نے بتایا کہ "اب تک ہمیں 6 لاشیں ملی ہیں جو اس حادثے کا شکار ہوئیں۔ ان سب کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔ اس وقت ہم یہ معلوم کر رہے ہیں کہ آیا اس حادثے میں اور لوگ بھی مارے گئے ہیں۔" پولیس اور ریلوے کی ٹیمیں یہ پتا لگانے کی کوشش کر رہی ہیں کہ اس حادثہ میں کسی اور کی تو موت نہیں ہوئی ۔ واضح رہے ابھی تک ریلوے ٹریک پر کوئی اور لاش نہیں ملی ہے۔ اگر یہ لوگ ٹریک پر نہ ہوتے تو حادثہ پیش نہ آتا۔

ساتھ ہی آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی جگن موہن ریڈی نے اس حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی حکام سے امدادی کام شروع کرنے اور زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔