جموں و کشمیر تشکیل نو بل راجیہ سبھا میں 61 کے مقابلے 125 ووٹوں سے پاس

پارلیمنٹ
پارلیمنٹ
user

قومی آوازبیورو

05 Aug 2019, 6:55 PM

راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر نو تشکیل بل 61 کے مقابلے 125 ووٹ سے پاس

جموں و کشمیر نو تشکیل بل راجیہ سبھا میں آج پیش کیا گیا جس پر ووٹنگ کرائی گئی۔ ووٹنگ کے دوران اس وقت تھوڑی سی پریشانی ہوئی جب الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں خرابی پیدا ہو گئی۔ اس کے بعد ووٹنگ پرچی کے ذریعہ کرایا گیا۔ ووٹنگ کا نتیجہ جب آیا تو 125 ووٹ جموں و کشمیر کے نو تشکیل کے حق میں پڑے جب کہ 61 ووٹ اس کے خلاف پڑے۔ اس طرح جموں و کشمیر نو تشکیل بل بہ آسانی راجیہ سبھا سے پاس ہو گیا۔

05 Aug 2019, 6:47 PM

راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر نو تشکیل بل پر ووٹنگ کے دوران مشین خراب

جموں و کشمیر کے تعلق سے آج کئی فیصلے لیے گئے اور اب راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر نو تشکیل بل پر ووٹنگ کرائی جا رہی ہے۔ ووٹنگ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ہونی تھی، لیکن کچھ تکنیکی خامی کی وجہ سے ووٹنگ ممکن نہیں ہو سکا۔ اب ووٹنگ پرچی کے ذریعہ ہوگی اور اس کے لیے سبھی اراکین کو پرچیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

05 Aug 2019, 6:10 PM

دفعہ 370 ہٹائے جانے کو ششی تھرور نے بھی ٹھہرایا غلط

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کو کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی غلط ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے ویسا ہندوستانی جمہوریت نے 7 دہائی میں نہیں دیکھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی سمیت ہندوستان کے گزشتہ حکمرانوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں اور لیڈروں سے جو وعدہ کیا تھا وہ خطرے میں ہے اور بین الاقوامی کمیونٹی بھی مشکل میں پڑ گیا ہے۔


05 Aug 2019, 5:09 PM

قومی سیکورٹی مشیر اجیت ڈووال آج پہنچیں گے جموں و کشمیر

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد اب قومی حفاظتی مشیر اجیت ڈووال آج ہی جموں کشمیر کے دورہ پر پہنچیں گے۔ خبروں کے مطابق وہ جموں و کشمیر پہنچ کر وہاں سیکورٹی کا جائزہ لیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت جموں و کشمیر میں ایک افرا تفری کا ماحول ہے اور وہاں سیکورٹی انتظامات کافی سخت کیے گئے ہیں۔

05 Aug 2019, 3:56 PM

ووٹ حاصل کرنے کے لیے مودی حکومت نے ملک کا سر کاٹ دیا

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ ’’ایک سرحدی ریاست جو ثقافتی، جغرافیائی طور سے تاریخی اور سیاسی طور پر علیحدہ تھا، دفعہ 370 کے ذریعہ ایک ساتھ بندھا ہوا تھا۔ اقتدار کے نشے میں اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے بی جے پی حکومت نے 4-3 چیزوں کو بکھیر دیا۔ انھوں نے ملک کا سر کاٹ دیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سیاسی پارٹی جموں و کشمیر کے ساتھ لڑیں گے اور کھڑے رہیں گے۔‘‘


05 Aug 2019, 2:08 PM

کسی بھی اندیشہ کے پیش نظر ہندوستانی فوج اور فضائیہ کو الرٹ پر رکھا گیا

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹائے جانے کے بعد فوج اور فضائیہ کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ریاست میں سیکورٹی پہلے سے ہی سخت ہے لیکن کیس بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے اب فوج اور فضائیہ کو بھی تیار رہنے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔

05 Aug 2019, 12:34 PM

جموں کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی قرارداد

نئی دہلی: حکومت نے جموں وکشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے والا بل جموں کشمیر تشکیل نو بل 2019 پیر کے روز راجیہ سبھا میں پیش کیا اس سے لداخ کو الگ کرکے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کی تجویز پیش کی گئی۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان میں اس بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ لداخ کے لوگوں کا برسوں سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ اسے الگ ریاست کا درجہ دیا جائے۔ اس کے پیش نظر لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کا درجہ دیا جائے گا لیکن اس کی قانون ساز اسمبلی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ داخلہ سیکورٹی اور سرحد پار دہشت گردی کے پیش نظر جموں و کشمیر بھی مرکز کے زیر انتظام ریاست ہوگا لیکن اس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی۔

اس پر کانگریس، ترنمول کانگریس، سماجوادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، پی ڈی پی اور عام آدمی پارٹی کے ارکان نے ایوان میں زبردست ہنگامہ شروع کر دیا اور ایوان کے بيچوں بيچ پہنچ کر نعرے بازی کرنے لگے۔ اس دوران ایوان نے صوتی ووٹ سے ان بلوں کو بحث کے لئے قبول کر لیا۔ اس دوران ہنگامہ کر نے والے ارکان ایوان میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد کی قیادت میں نعرے لگاتے ہوئے چیئرمین کی نشست کے پاس بیٹھ گئے۔ پی ڈی پی کے میر محمد فیاض نے غصے میں آکر اپنا کرتہ پھاڑ لیا جس سے ایوان میں عجیب غريب صورتحال پیدا ہو گئی۔


05 Aug 2019, 12:31 PM

لداخ سے بی جے پی ایم پی جمیا تسیرنگ نے حکومت کے فیصلے کا کیا خیر مقدم

لداخ سے بی جے پی کے رہنما جميا تسیرنگ نامگيال نے کہا، ’’میں لداخ کے عوام کی جانب سے بل کا خیر مقدم کرتا ہوں، وہاں کے لوگ چاہتے تھے کہ لداخ کا علاقہ مرکز تحت رہے، لداخ کے لوگ چاہتے تھے کہ اس علاقے کو کشمیر کے غلبہ اور امتیازی سلوک سے آزاد کیا جائے، جو آج ہو رہا ہے‘‘۔

05 Aug 2019, 12:25 PM

آرٹیکل 370: بی جے پی کو ملی بی ایس پی کی حمایت

جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے لئے بی ایس پی نے بی جے پی کو اپنی حمایت دے دی ہے، بی ایس پی کے رہنما ستیش چندر مشرا نے راجیہ سبھا میں کہا، ’’ہماری پارٹی مکمل حمایت دیتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بل منظور ہو، ہماری پارٹی دفعہ 370 اور دیگر بل کی کوئی مخالفت نہیں کر رہی ہے‘‘۔


05 Aug 2019, 12:17 PM

آرٹیکل 370: پارلیمنٹ کے احاطے میں پی ڈی پی ارکان کا ہنگامہ

05 Aug 2019, 11:54 AM

مودی حکومت نے آج جمہوریت کا کیا قتل

راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے کشمیر کے تعلق سے حکومت کے فیصلہ کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ حقیقت میں جمہوریت کا قتل ہے۔


05 Aug 2019, 11:47 AM

جمو کشمیر اور لداخ دو یونئن ٹیریٹری بنانے کا اعلان

05 Aug 2019, 11:47 AM

آرٹیکل 370 کو ہٹانے کی صدر جمہوریہ کی منظوری

وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں جہاں یہ اعلان کیا کہ آڑٹیکل 370 ختم کر دیا گیا ہے وہیں یہ بھی اعلان کیا کہ لداخ کو جمو و کشمیر سے الگ کر دیا گیا ہے اور دونوں کو یونئن ٹریٹری بنا دیا گیا ہے جبکہ لداخ میں کوئی اسمبلی نہیں ہوگی اس کے برعکس جمو و کشمیر میں اسمبلی ہوگی لیکن لیفٹیننٹ گورنر وہاں کے اصل حکمراں ہوں گے۔


05 Aug 2019, 11:20 AM

راجیہ سبھا میں وزیر داخلہ کا بڑا اعلان، آرٹیکل 370 جموں و کشمیر سے ہٹانے کی سفارش

راجیہ سبھا میں وزیر داخلہ امت شاہ نے بڑا اعلان کیا ہے، انہوں نے آرٹیکل 370 جموں و کشمیر سے ہٹانے کی سفارش کر دی ہے، ایوان میں زوردار ہنگامہ ہو رہا ہے۔

05 Aug 2019, 11:10 AM

کابینہ میٹنگ میں جموں و کشمیر پر بات چیت، شاہ دیں گے پارلیمنٹ میں بیان

نئی دہلی: مرکزی کابینہ کی پیر کی صبح ہونے والی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے سلسلہ میں بات چیت کی گئی۔ سمجھا جاتا ہے کہ میٹنگ میں وہاں کے بارے میں کچھ اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی میٹنگ کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی معلومات نہیں مل پائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سیشن کی وجہ سے وزیر داخلہ امت شاہ پہلے پارلیمنٹ میں اس سلسلہ میں بیان دیں گے۔ وہ پہلے راجیہ سبھا میں اور پھر لوک سبھا میں اپنی طرف سے بیان دیں گے۔


05 Aug 2019, 10:46 AM

کشمیر معاملے پر راجیہ سبھا میں 11 بجے، لوک سبھا میں 12 بجے بیان دیں گے وزیر داخلہ

وزیر داخلہ امت شاہ راجيہ سبھا میں 11 بجے اور لوک سبھا میں 12 بجے کشمیر میں چل رہی ہل چل پر جواب دیں گے، خبروں کے مطابق کشمیر مدے پر پارلیمنٹ کو تازہ حالات کے بارے میں معلومات دیں گے، اس دوران پی ایم مودی کے گھر چل رہی مرکزی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔

05 Aug 2019, 10:43 AM

کابینہ کا اجلاس ختم، امت شاہ پہنچے پارلیمنٹ


05 Aug 2019, 10:41 AM

جموں و کشمیر: لیہہ میں آج عام طور پر کھلے اسکول

05 Aug 2019, 9:22 AM

کشمیر مدے پر کانگریس کا لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس

کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں نے کشمیر کے مدے پر لوک سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مدا انتہائی سنگین ہے اس لئے ایوان میں سب کارروائی کو ملتوی کر کے اس پر بحث ہونی چاہئے ۔

کانگریس ارکان نے راجیہ سبھا میں بھی تحریک التوا کا نوٹس دیا


05 Aug 2019, 9:15 AM

کابینہ کا اجلاس تھوڑی دیر میں، اجلاس سے پہلے مودی کے گھر پہنچے شاہ

مرکزی کابینہ میں شرکت کے لئے وزیر داخلہ امت شاہ وزیر اعظم نریندر مودی کے گھر پہنچ گئے ہیں ۔ وزیر اعظم کے گھر پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال پہلے سے ہی موجود ہیں ۔ کابینہ کے اجلاس سے قبل امت شاہ، وزیر قانون روی شنکر پرساد اور سیکریٹری داخلہ راجیو گابا اور داخلہ کے کئی اہم افسران کا ایک اجلاس ہوا۔ کابینہ کا اجلاس اب سے تھوڑی دیر میں ہونے ولا ہے ۔

05 Aug 2019, 8:34 AM

رہنماؤں کی نظر بندی تمام جمہوری تقاضوں کے منافی: چدامبرم

ملک کے کئی بڑے سیاسی رہنماؤں نے کشمیر کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ پی چدامبرم نے ٹویٹ کر کے کہا ہے ’’رہنماؤں کی نظر بندی تمام جمہوری تقاضوں کے منافی ہے‘‘۔

ادھر ششی تہرور اور سیتا رام یچوری نے عمر عبد اللہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔


05 Aug 2019, 8:01 AM

کشمیر میں حالات تشویش ناک، کئی بڑے کشمیری رہنما نظر بند، انٹرنیٹ بند

جمو و کشمیر کے تعلق سے ملنے والی خبروں کے بعد صوتحال تناو سے بھری ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کچھ ویبسائٹس پر یہ خبر چل رہی ہے کہ کشمیر کے بڑے سیاسی رہنما جن میں سابق وزراء اعلی عمر عبد اللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں ان کو نظر بند کر دیا گیا ہے ۔ عمر عبداللہ کے ٹویٹ سے بھی یہی ظاہر ہو رہا ہے ۔

عوام میں اب یہ تشویش ہے کہ جمو کشمیر میں اچانک حالات ایسے کیوں ہو رہے ہیں ۔ ادھر خبر ہے کہ ریاست میں انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں اور اسکول و کالج جانے پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔