بہار: دیورانی کے بچے نہیں ہوئے تو چڑھا دی جیٹھانی کی بلی، 5 ملزمان گرفتار

تانترک نے سنیل سے کہا کہ شوبھتا دیوی ڈائن ہے اور جب تک اس کی بلی نہیں چڑھا دی جاتی تب تک تمہاری بیوی کو بچہ نہیں ہو گا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے مل کر رات کو پوجا پاٹھ کے بعد شوبھتا دیوی کا قتل کردیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سیتامڑھی: بہار میں ضلع سیتامڑھی کے ڈومرا تھانہ علاقے میں بچہ نہ ہونے کی وجہ سے تانترک کے چکر میں ایک خاتون کی بلی چڑھانے کے الزام میں پولس نے مقتولہ کے تین دیور، ایک دیورانی اور تانترک کو گرفتار کر لیا۔

پولس ذرائع نے بتایا کہ شیوہر گاؤں کے باشندے پھودی مکھیا کے گھر میں اس کے تین بیٹے انل مکھیا، سنیل مکھیا اور ویر مکھیا نے بہو اندراسن دیوی کے تعاون سے بڑے بیٹے بھگوان لال مکھیا کی بیوی شوبھتا دیوی کومنگل کی رات گلا ریت کر قتل کر دیا۔ پولس نے اس معاملے میں مقتولہ کی دیورانی اور تین دیوروں کے علاوہ ایک تانترک کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں مقتولہ کے شوہر بھگوان لال نے متعلقہ تھانے میں دو تانترک، تین بھائیوں اور بھاوجوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ درج ایف آئی آر کے مطابق، مقتولہ کی دیورانی اندراسن کو شادی کے بعد سے اولاد نہیں ہو رہی تھی۔ اسی کے لئے دیورانی اندراسن شوہر سنیل مکھیا نے دھبول گاؤں کے باشندے تانترک ونود رام سے رابطہ کیا۔ اس کے بارے میں ایسا کہا جاتا تھا کہ وہ منتر سے بچہ پیدا کرواتا ہے۔

تانترک ونود نے سنیل کو بتایا کہ تمہاری بھابھی شوبھتا دیوی ڈائن ہے اور جب تک اس کی بلی نہیں چڑھا دی جاتی تب تک تمہاری بیوی کو بچہ نہیں ہو گا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے مل کر رات کو پوجا پاٹھ کے بعد شوبھتا دیوی کا قتل کردیا۔

دریں اثناء پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (صدر) کمار ویر دھيریندر نے بتایا کہ خاتون کے قتل معاملے میں تمام پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے۔ قتل میں ملوث مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجرموں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور جلد ہی پورے معاملے کا انکشاف ہو جائے گا۔ لاش کا پوسٹ مارٹم سیتامڑھی صدر اسپتال میں کرا دیا گیا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Oct 2018, 10:08 AM