ایس آئی آر: سپریم کورٹ میں ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے ساتھ ناانصافی کا لگایا الزام، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری
ممتا بنرجی نے سماعت کے دوران کہا کہ ایس آئی آر کا مقصد ووٹ حذف کرنا ہے، جوڑنا نہیں۔ مثال پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر کسی لڑکی کی شادی ہو جاتی ہے اور وہ سسرال جاتی ہے تو مسئلہ پیدا ہو جاتا ہے۔

مغربی بنگال میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) معاملہ پر آج سپریم کورٹ میں انتہائی اہم سماعت ہوئی۔ اس دوران سب کی نظریں ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر مرکوز تھیں۔ وہ بھی عدالت میں موجود تھیں۔ انھوں نے عدالت سے بولنے کی اجازت مانگتے ہوئے کہا کہ ’’کیا میں بول سکتی ہوں، میں اسی ریاست سے تعلق رکھتی ہوں۔‘‘ اجازت ملنے پر انہوں نے کہا کہ ہمیں کہیں بھی انصاف نہیں مل رہا ہے۔ ہم نے 6 بار الیکشن کمیشن کو پوری تفصیلات کے ساتھ خط لکھا۔ میں ایک بہت عام خاندان سے آتی ہوں، انصاف رو رہا ہے، میں اپنی پارٹی کے لیے نہیں لڑ رہی ہوں۔ ان دلائل پر سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا ہے۔ اب اس معاملے پر اگلی سماعت 9 فروری کو ہوگی۔
ممتا بنرجی نے سماعت کے دوران عدالت میں کہا کہ ایس ای آر کا مقصد ووٹ حذف کرنا ہے، جوڑنا نہیں۔ ممتا بنرجی نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی لڑکی کی شادی ہو جائے اور وہ سسرال چلی جائے تو اس صورت میں بھی معلومات میں عدم مطابقت ہو سکتی ہے۔ عدالت نے ممتا کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ آپ کی ریاست کی پیروی کے لیے بڑے وکیل دستیاب ہیں۔ شیام دیوان، کپل سبل جیسے وکیل ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ کوئی حل نکلے اور کسی بے گناہ کا نام ووٹر لسٹ میں نہ چھوٹے، ہم پہلے ہی 10 دن کی ڈیڈ لائن بڑھا چکے ہیں، اب وقت نہیں بڑھا سکتے۔
ممتا بنرجی نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مغربی بنگال کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آسام اور نارتھ ایسٹ میں ایس آئی آر کیوں نہیں ہو رہا ہے؟ لوگ فصلوں میں لگے ہوئے ہیں اور انہیں نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔ وہ ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بی ایل او دباؤ میں خودکشی کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی دلیل دی کہ وہ کہتے ہیں آدھار کے ساتھ ہمیں ایک اور سرٹیفکیٹ چاہیے۔ دوسری ریاستوں میں ڈومیسائل، ذات کا سرٹیفکیٹ وغیرہ کچھ بھی نہیں مانگا جاتا۔ الیکشن سے عین قبل صرف مغربی بنگال کو نشانہ بنایا۔ وہ 2 مہینوں میں کچھ ایسا کرنا چاہتے تھے جس میں 2 سال لگتے ہیں۔ جب لوگ باہر تھے تب انہوں نے یہ کیا۔ ممتا بنرجی کے مطابق غریب لوگ دوسری جگہ منتقل ہو جاتے ہیں، اور ایس آئی آر میں ان کا نام ہٹا دیا جا رہا ہے۔ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپنی فائر برانڈ شبیہ رکھنے والی ممتا ووٹر لسٹ کو لے کر جاری ایس آئی آر عمل کے خلاف مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ پہلے بہار میں جاری ایس آئی آر کو لے کر وہ احتجاج ظاہر کر چکی ہیں اور اب جب انہی کی ریاست میں یہ اصلاحی عمل چل رہا ہے تو اس کے خلاف مسلسل باغی تیور اپنائے ہوئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔