’صاحب! میرا اغوا نہیں ہوا‘، نقاب پہن کر تھانہ پہنچی سواتی سنگھ اور کھول دی اپنے شوہر کی قلعی

میڈیا اہلکاروں کے سامنے سواتی نے سچ سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کا اغوا نہیں کیا گیا، جیون یادو سے تو کبھی کوئی ملاقات بھی نہیں ہوئی، ہاں اسے یہ ضرور معلوم ہے کہ وہ سماجی کارکن ہے۔

بہار پولیس / آئی اے این ایس
بہار پولیس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ 20 اکتوبر کو سونو کمار سنگھ نے اپنی بیوی سواتی سنگھ کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ میں درج کرائی تھی۔ معاملہ سیوان کے نوتن تھانہ علاقہ واقع رام گڑھ کا ہے۔ سونو کمار نے اپنی بیوی کے اغوا کی شکایت کے ساتھ ہی اس کا الزام جیون یادو نامی شخص پر لگایا۔ لیکن اس معاملے نے 22 اکتوبر کو اس وقت نیا موڑ لے لیا جب سواتی سنگھ سبھی سے چھپ چھپا کر نقاب پہنے تھانہ پہنچی۔ انھوں نے پولیس سے کہا کہ کسی نے انھیں اغوا نہیں کیا، بلکہ شوہر پر ہی سواتی سنگھ نے کئی طرح کے سنگین الزامات عائد کر دیئے۔

دراصل سونو کمار کی طرف سے درج ایف آئی آر کے پیش نظر مفصل تھانہ انچارج نے ملزم جیون یادو کے گھر پر چھاپہ ماری کر دی تھی۔ جب اس کی خبر سواتی سنگھ کو ملی تو وہ تھانہ پہنچ گئی۔ میڈیا اہلکاروں کے سامنے سواتی نے سچ سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس کا اغوا نہیں کیا گیا اور وہ تو جیون یادو کو جانتی بھی نہیں۔ سواتی نے کہا کہ جیون یادو سے کبھی کوئی ملاقات نہیں ہے، ہاں اسے یہ ضرور معلوم ہے کہ وہ سماجی کارکن ہے۔ یعنی جیون یادو کے اوپر جو بھی الزام اغوا سے متعلق لگایا گیا ہے، وہ پوری طرح بے بنیاد ہے۔


سواتی سنگھ کا کہنا ہے کہ سسرال سے وہ خود ہی بھاگی تھی کیونکہ سبھی ان پر ظلم کرتے تھے۔ سواتی نے اپنے شوہر سونو کمار سنگھ اور ان کے گھر والوں پر استحصال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ لوٹ کر اپنے سسرال نہیں جانا چاہتی ہے۔ سواتی کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے اکتوبر ماہ میں ہی تھانہ پہنچ کر اپنے اوپر ہو رہے ظلم کی شکایت کی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اب سواتی نے اپنے لیے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔