ایس آئی آر: مغربی بنگال میں بی ایل او نے اپنی ہی بیوی کو بھیج دیا نوٹس، خاتون الیکشن کمیشن پر چراغ پا
سشمتا دیوی کا کہنا ہے کہ لاپروائی بی ایل او کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے، بلکہ الیکشن کمیشن کی لاپروائی کے سبب عوام کو پریشانی اور استحصال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مغربی بنگال کے ہگلی ضلع واقع تارکیشور میں ایس آئی آر سے جڑا ایک حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایک بی ایل او نے اپنی بیوی کو ہی ایس آئی آر کا نوٹس بھیج دیا۔ نوٹس ملنے کے بعد اس خاتون نے الیکشن کمیشن کے تئیں اپنی شدید ناراضگی ظاہر کی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی لاپروائی کے سبب لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
معاملہ تارکیشور نگر پالیکا کے وارڈ نمبر 1 میں بوتھ نمبر 248 سے جڑا ہے، جہاں بی ایل او راج شیکھر مجومدار نے اپنی بیوی کو ایس آئی آر کا نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس ملنے پر ان کی بیوی سشمتا مجومدار نے الیکشن کمیشن کے تئیں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ سشمتا دیوی نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ یہاں پولنگ افسران (بی ایل او) کی طرف سے کوئی لاپروائی نہیں ہو رہی، بلکہ الیکشن کمیشن کی لاپروائی کے سبب عوام کو پریشانی اور استحصال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سشمتا مجومدار کے والد سبرتا چٹرجی فوج میں کام کرتے تھے۔ ان کا نام 2002 کی ووٹنگ لسٹ میں نہیں تھا، لیکن سشمتا دیوی کے دادا بھوپندر چٹرجی کا نام 2002 کی لسٹ میں شامل تھا۔ سشمتا دیوی نے اپنے دادا کا نام ایس آئی آر میں درج کروایا، لیکن انھیں ایک نوٹس بھیجا گیا، جس میں ان کے دادا سے 40 سال عمر کا فرق دکھایا گیا تھا۔ دادا بھوپندر چٹرجی کی عمر 2002 کی لسٹ میں 81 سال بتائی گئی ہے۔ اگر وہ آج زندہ ہوتے تو ان کی عمر تقریباً 105 سال ہوتی۔ ان کا انتقال 2010 میں ہو گیا تھا۔ فی الوقت سشمتا دیوی 37 سال کی ہیں۔ اس طرح دیکھیں تو عمر کا فرق 65 سال ہونا چاہیے، پھر نوٹس کیوں جاری کیا گیا؟ یہی سوال سشمتا دیوی کے گھر والے اٹھا رہے ہیں۔ بی ایل او راج شیکھر مجومدار بھی اس تعلق سے ناراض ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ غلطی دراصل تکنیکی ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔