دہلی میں ایس آئی آر شروع، بی ایل او گھر گھر جا کر کریں گے تصدیق، اکتوبر میں شائع ہوگی حتمی فہرست
ایس آئی آر کے تحت آج سے گھر گھر تصدیقی مہم شروع ہو رہی ہے، 29 جولائی کو سروے مکمل ہوگا جبکہ 5 اگست کو ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع کیا جائے گا اور 5 اگست سے 4 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات داخل کئے جا سکیں گے۔

قومی راجدھانی دہلی میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کا عمل آج (منگل) سے شروع ہو رہا ہے۔ اس کے تحت 13,033 بوتھ لیول آفیسر بی ایل او گھر گھر جا کر ووٹروں کی تصدیق کریں گے۔ یہ مہم 29 جولائی تک جاری رہے گی۔ دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) اشوک کمار نے بتایا کہ اس وقت دہلی میں 1.45 کروڑ ووٹرز ہیں۔ ان میں 77.11 لاکھ مرد، 67.98 لاکھ خواتین اور 1,024 تیسری صنف کے ووٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 76,155 معذور ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ وہیں 18 سے 19 سال عمر کے 3 لاکھ 29 ہزار 130 نوجوان ووٹرز ہیں جبکہ 100 سال سے زیادہ عمر کے 192 ووٹرز فہرست میں درج ہیں۔
سی ای او نے بتایا کہ خصوصی نظرثانی کے دوران ہر ووٹر کو گنتی فارم (انیومریشن فارم) کی دو کاپیاں دی جائیں گی۔ ووٹر ایک کاپی بطور رسید اپنے پاس رکھیں گے، جبکہ دوسری کو پُر کر کے بی ایل او کو واپس کرنی ہوگی۔ ووٹر اگر چاہیں تو یہ تفصیلات آن لائن بھی جمع کر سکتے ہیں۔ سی ای او نے کہا کہ اگر کوئی گھر مقفل پایا جاتا ہے تو متعلقہ بی ایل او کم از کم 3 بار جائے گا تاکہ کوئی اہل ووٹر چھوٹ نہ جائے۔ ڈور ٹو ڈور سروے 29 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اشوک کمار نے کہا کہ حالیہ تجاوزات مخالف کارروائی کے دوران جن لوگوں کے مکان گرائے گئے ہیں، ان کے ووٹر رجسٹریشن سے متعلق معاملوں کو الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ دہلی میں 7 لوک سبھا اور 70 اسمبلی حلقوں کے لیے کل 13,033 پولنگ بوتھ ہیں۔ خصوصی نظر ثانی کے بعد مسودہ ووٹر لسٹ 5 اگست کو شائع کی جائے گی۔ ووٹر اور سیاسی جماعتیں 5 اگست سے 4 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات جمع کرا سکیں گی۔ ان کا تصفیہ 3 اکتوبر تک کیا جائے گا اور حتمی ووٹر لسٹ 7 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔
ایس آئی آر شیڈول کے مطابق 30 جون کو گھر گھر تصدیقی مہم کا آغاز ہو رہا ہے جبکہ 29 جولائی کو سروے مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح 5 اگست کو ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع کیا جائے گا اور 5 اگست سے 4 ستمبر کے درمیان دعوے اور اعتراضات داخل کئے جا سکیں گے۔ وہیں 3 اکتوبر کو دعوے اور اعتراضات کو حل کیا جائے گا اور اس کے بعد 7 اکتوبر کو حتمی ووٹر لسٹ شائع کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
