ایس آئی آر : یوگی کے بیان پر اکھلیش یادو کا طنز، ’بی جے پی اپنی مرضی کے مطابق ’جگار‘ نہیں کرپائی‘

اکھلیش نے اس کا ایک اور مطلب نکالتے ہوئے کہا کہ 3 کروڑ 40 لاکھ ووٹروں کو 403 سیٹوں سے ضرب دیا جائے تو ہرسیٹ پر بی جے پی کو تقریباً 84 ہزار ووٹوں کا نقصان ہوگیا ہے، جو دراصل جائز ووٹر نہیں تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

 اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایس آئی آر میں بی جے پی کے 85 سے90 فیصد ووٹروں کے نام کٹنے کا دعویٰ کیا ہے جس پر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے جوابی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کے پی ڈی اے کے نگران ہونے کی وجہ سے بی جے پی اپنی خواہش کے مطابق ’جگاڑ‘ نہیں کرپائی۔

اکھلیش یادو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ لکھ کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے لکھا کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ خود کہہ رہے ہیں کہ جو 4 کروڑ ووٹر ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کئے گئے ہیں ان میں سے 85 سے 90 فیصد بی جے پی کے ووٹر ہیں۔


اکھلیش نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اول،’ پی ڈی اے نگرانی‘ کی چوکسی کی وجہ سے بی جے پی کا اپنی خواہش کے مطابق جگاڑ نہیں ہوپایا۔ دوسرے، اس کامطلب یہ ہے کہ ثبوت کی کمی کی وجہ سے ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے 85 سے 90 فیصد ووٹرس بی جے پی کے نکلے، یعنی ساری گڑبڑی بی جے پی کے ووٹر کررہے تھے۔تیسرے،اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ وزیر اعلیٰ کے مطابق اگر 4 کروڑ ووٹروں میں سے اگر ہم اسے کم بھی مانیں، تو 85 فیصد کا مطلب 3 کروڑ 40 لاکھ ووٹر کم ہوگئے۔ اکھلیش نے اس کا ایک اور مطلب نکالتے ہوئے کہا کہ 3 کروڑ 40 لاکھ ووٹروں کو 403 سیٹوں سے ضرب دیا جائے تو ہرسیٹ پر بی جے پی کو تقریباً 84 ہزار ووٹوں کا نقصان ہوگیا ہے،جو دراصل جائز ووٹر نہیں تھے۔

ایس پی رہنما نے کہا کہ اس سے ایک بات اور صاف ہوگئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ حکمراں جماعت کے نقصان کو دیکھ کر ہی 2 ہفتے کا وقت بڑھایا گیا ہے لیکن پی ڈی اے نگرانی ایس آئی آر میں اب دوگنی چوکسی کے ساتھ کام کریں گے اور کسی بھپی گڑبڑی کو نہیں ہونے دیں گے اور الیکشن کمیشن کے افسران کے مطابق پہر ایک پی ڈی اے نگراں کہے گا ’توجہاں جہاں چلے گا، میرا سایہ ساتھ ہوگا‘۔


واضح رہے کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایس آئی آر میں ریاست کے 4 کروڑ ووٹروں کے نام کٹ گئے ہیں، جن میں 85 سے 90 فیصد ووٹر آپ کے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کارکنوں سے باقی بچے ہوئے نام لسٹ میں ڈلوانے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔