آسمان سے زمین پر آرہی چاندی، سونے کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ
سونے اور چاندی کی قیمتیں صرف ایک دن میں ہی آسمان سے زمین پرآگئی ہیں۔ جمعرات کو چاندی اپنی بلندی سے 1.28 لاکھ روپئے گرگئی جب کہ 10 گرام 24 قیراط سونا بھی اپنی بلندی سے 42,000 روپئے سے زیادہ سستا ہوگیا۔

مہنگائی کے دور میں سر پٹ دوڑ رہے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ چاندی کی قیمت ایک ہی دن میں1 لاکھ روپے سے زیادہ کم ہو گئی جب کہ سونے کی قیمت بھی ایک ہی دن میں 33،000 فی 10 گرام سے زیادہ گراوٹ آئی ہے۔ ان قیمتی اشیا کی قیمتوں میں نہ صرف فیوچر ٹریڈنگ بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ماہرین پہلے سے ہی ان کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی پیش گوئی کر رہے تھے اور ایسا ہی ہوا ہے۔
ماہرین کی پیشین گوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں اور بالآخر چاندی کی چمک پھیکی پڑگئی ہپے۔ جی ہاں ایک کلو چاندی کی قیمت میں صرف ایک دن میں ایک لاکھ روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ جمعرات کو ملٹی کموڈٹی ایکسچینج میں نئی بلندی تک پہنچنے کے بعد یہ آخر کار 3,99,893 روپئے فی کلوگرام پر بند ہوئی تھی۔ جمعہ کو فیوچر ٹریڈنگ کے اختتام پر5 مارچ کی ایکسپائری ڈیٹ کے ساتھ چاندی کی قیمت تیزی سے گر کر 2,91,922 روپئے پر آگئی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہی جھٹکے میں یہ 1,07,971 فی کلو سستی ہوگئی ہے۔
ابھی ایک دن پہلے ہی جمعرات کو چاندی کی قیمتوں نے راکٹ کی رفتار سے بھاگتے ہوئے پہلی بار4 لاکھ روپے فی کلو گرام کی تاریخی بلند ترین سطح پار کی تھی اور یہ 4,20,048 روپے فی کلوگرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی لیکن ایک ہی جھٹکے میں آسمان پرپہنچی چاندی نےاچانک ہی سرمایہ کاروں کو تگڑا جھٹکا دیا اور اس اعلی سطح سے 128,126 روپئے میں محض ایک دن میں سستی ہوگئی۔
اس دوران نہ صرف چاندی بلکہ سونے کا بلبلہ بھی پھوٹتا نطر آیا۔ 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت صرف ایک کاروباری دن میں 33,113 روپئے تک گر گئی ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ سے سرمایہ کار حیران وپریشان ہوگئے ہیں۔ایم سی ایکس پر 2 اپریل کو ختم ہو رہی ہے مدت والالے سونے کی قیمت جمعرات کو 183,962 فی 10 گرام پر بند ہوئی تھی اور جمعہ کے اختتام تک یہ 150,849 روپئے فی 10 گرام پر بند ہوئی۔
اگر سونے کی اونچی سطح سے اس کی قیمتوں میں آئی کمی پر غور کریں تو جمعرات کو ہی چاندی کی طرح سونے کی قیمتیں تیزی سے بڑھ کر 1,93,096 کی لائف ٹائم ہائی پر پہنچ گئی تھیں اور پھر اچانک اس میں ایسی گراوٹ آئی کہ سونا اس بلندی سے 42,247 روپئے فی 10 گرام نیچے آگیا۔
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے درمیان ماہرین نے پہلے ہی اس بلندی تک پہنچنے کے بعد تیزی سے گراوٹ کی پیش گوئی کی تھی اور جمعہ کو ان کی یہ پیشین گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔ اگر ہم ان قیمتی اشیا کی قیمتوں میں کمی کی وجوہات پر غور کریں تو اس کی ایک نہیں کئی وجوہات نظر آتی ہیں۔ سونے چاندی میں بڑی گراوٹ کی ایک اہم وجہ پرافٹ بکنگ تھی۔ تاریخی سطح پر پہنچنے کے بعد سرمایہ کاروں نے سونے اور چاندی میں منافع بک کرنا شروع کر دیا اور فروخت کے دباؤ کی وجہ سے دونوں کی قیمتیں اچانک گر گئیں۔