سکم: لینڈ سلائیڈ کے باعث 7 افراد جاں بحق، میتھین بلاسٹ کے بعد سرنگ میں پھنسے تھے 27 مزدور

نامچی ضلع انتظامیہ این ایچ پی سی افسران، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، سکم پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مسلسل بچاؤ مہم چلا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i

سکم کے نامچی ضلع میں ایک زیر تعمیر ٹنل (سرنگ) کے باہر لینڈ سلائیڈ  کے باعث تقریباً 27 مزدور اندر پھنس گئے تھے۔ پھنسے ہوئے مزدوروں کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع تازہ ترین معلومات کے مطابق ضلع انتظامیہ نے 7 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔ لاشوں کو سنگتم ضلع اسپتال، ایس ٹی این ایم اسپتال (گنگٹوک) اور نامچی ضلع اسپتال لے جایا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ٹنل کے اندر میتھین گیس ہونے کا خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس کے ممکنہ اثرات کی وجہ سے کئی امدادی کارکنان کی طبیعت خراب ہونے کے متعلق اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس دوران نامچی ضلع انتظامیہ این ایچ پی سی افسران، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، سکم پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر مسلسل بچاؤ مہم چلا رہی ہے۔ ایس ایس ڈی ایم اے  صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہے۔


واضح رہے کہ یہ حادثہ سامردونگ ٹنل میں پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق لینڈ سلائیڈ کے بعد ملبے کی وجہ سے سرنگ میں داخل ہوانے والا راستہ بند ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے اطلاع دی ہے کہ سامردونگ-مامرنگ ٹنل میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔ ریسکیو ٹیم کے سامنے سب سے بڑا چیلنج سرنگ کے اندر موجود میتھین گیس کو مانا جا رہا ہے۔ نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق افسران نے بتایا کہ گیس کے اثر کی وجہ سے کئی امدادی کارکنان کو چکر آئے، جبکہ کچھ بے ہوش بھی ہوئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ لینڈ سلائیڈ کے بعد زمین اور چٹانوں کی پرتیں کھسکنے کی وجہ سے یہ گیس باہر نکلی۔ دوسری جانب سرنگ کا تنگ راستہ اور کم وزیبلٹی بھی امدادی اور بچاؤ مہم میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اسی وجہ سے ریسکیو آپریشن انتہائی احتیاط کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔