وائناڈ میں لینڈ سلائیڈ کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوئی، لاپتہ 3 افراد کی تلاش جاری

وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد ملبے سے مزید 2 لاشیں برآمد ہونے پر ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ لاپتہ 3 افراد کی تلاش جاری ہے جبکہ بارش اور غیر مستحکم زمین کے باعث امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

کیرالہ کے ضلع وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد جاری امدادی کارروائی کے دوران ملبے سے مزید دو لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جس کے بعد اس حادثے میں جان گنوانے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق تین افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور انہیں تلاش کرنے کے لیے قومی آفات سے نمٹنے والی فورس، مقامی انتظامیہ اور دیگر امدادی ٹیمیں مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح ایک لاش تلاش کے لیے مقررہ پہلے علاقے سے برآمد کی گئی، جبکہ دوسری لاش قریب بہنے والے دریا سے نکالی گئی۔ دونوں لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔

ریاستی وزیر زراعت ٹی صدیقی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت دی اور کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام افراد کا سراغ نہیں مل جاتا۔


ادھر کیرالہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وی ڈی ستیسن نے بھی کمیونسٹ پارٹی مارکسسٹ کے ریاستی سکریٹری ایم وی گووندن کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے امدادی کارکنوں اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور جاری کارروائیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

یہ حادثہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا تھا جب کھدائی کے بعد جمع کی گئی مٹی کی ایک بڑی ڈھلان اچانک منہدم ہو گئی اور وہاں کام کرنے والے کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی قومی آفات سے نمٹنے والی فورس اور مقامی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی۔

مسلسل بارش، پھسلن اور زمین کے غیر مستحکم ہونے کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم اس کے باوجود کارروائی بغیر وقفے کے جاری ہے۔ متعدد زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیا، جبکہ پہلے مرحلے میں تین افراد کی موت کی تصدیق ہوئی تھی۔ اب مزید دو لاشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

ریاستی حکومت نے مسلسل بارش کے پیش نظر ضلع کے حساس اور خطرناک علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے اور امدادی کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام لاپتہ افراد کا سراغ نہیں مل جاتا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔