ایک ہند نژاد سکھ نے آسٹریلیا میں قابل تعریف کام کر حاصل کیا این ایس ڈبلیو آسٹریلیا آف دی ایئر ایوارڈ

ہند نژاد کے سکھ امر سنگھ کو سیلاب، جنگل میں لگی آگ، خشک سالی اور کووڈ-19 وبا جیسی آفات میں متاثرہ طبقہ کی مدد کرنے کے لیے نیو ساؤتھ ویلس آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

سکھ امر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
سکھ امر سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہند نژاد کے سکھ امر سنگھ کو سیلاب، جنگل میں لگی آگ، خشک سالی اور کووڈ-19 وبا جیسی آفات میں متاثرہ طبقہ کی مدد کرنے کے لیے نیو ساؤتھ ویلس آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ 41 سالہ امر سنگھ ’ٹربنس 4 آسٹریلیا‘ کے بانی اور سربراہ ہیں۔ یہ ایک چیریٹی ادارہ ہے جو مالی مشکلات، خوردنی عدم تحفظ، بے گھر ہونے اور قدرتی آفات سے متاثر لوگوں کی مدد کرتا ہے۔

’ٹربنس 4 آسٹریلیا‘ نے گزشتہ ہفتہ ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارے سربراہ اور بانی کو اس ہفتہ این ایس ڈبلیو لوکل ہیرو نامزد کیا گیا ہے۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔ نیو ساؤتھ ویلس (این ایس ڈبلیو) کے ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ امر سنگھ، جنھیں لوکل ہیرو کیٹگری میں نوازا گیا، نے 2015 میں اپنی سکھ پگڑی اور داڑھی کے سبب نسلی تفریق کا سامنا کیا تھا، جس کے بعد انھوں نے چیریٹی ادارہ قائم کیا۔


امر سنگھ نے کہا کہ دفتر کے ایک ساتھی نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ میں ایک دہشت گرد کی طرح دِکھتا ہوں۔ اپنی ڈیلی لائف کے دوران سڑک پر اجنبیوں نے مجھ سے کئی بار پوچھا کہ کیا میں بم لے جا رہا ہوں، یا میں اپنی پگڑی کے نیچے کیا چھپا رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ آسٹریلیائی لوگ سکھوں کو ایسے لوگوں کی شکل میں دیکھیں جن پر وہ بھروسہ کر سکیں اور ضرورت کے وقت ان کی طرف رخ کر سکیں۔ امر سنگھ نے کہا کہ انھیں چھوٹی عمر سے ہی کمیونٹی کی خدمت کا بہت شوق رہا ہے۔

ہر ہفتے امر سنگھ اور ان کا ادارہ مغربی سڈنی میں خوردنی عدم تحفظ سے متاثر لوگوں کو کھانے اور گروسری ہیمپر تقسیم کرتے ہیں۔ انھوں نے خشک سالی کا سامنا کر رہے کسانوں کی مدد کی۔ لسمور میں سیلاب متاثرین اور جنوبی ساحل پر جنگل میں لگی آگ سے متاثر لوگوں کو ضروری سامانوں کی فراہمی کی۔ کووڈ-19 لاک ڈاؤن کے دوران الگ تھلگ اور کمزور لوگوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا۔ امر سنگھ کو 2021 میں آرڈر آف لیورپول (اعزاز) کے رکن سے نوازا گیا تھا۔ سنگھ نے سڈنی 2000 اولمپک کھیلوں، انویکٹس کھیلوں اور گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران اپنی خواہش سے کام کیا تھا۔


واضح رہے کہ 1960 میں قیام کے بعد سے آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈ انتہائی معزز آسٹریلیائی لوگوں کے ایک غیر معمولی گروپ کو اعزاز بخشتے ہیں، جو قومی اہمیت کے ایشوز پر تبادلہ خیال اور تبدیلی کو روشن کرتے ہیں۔ امر سنگھ کے علاوہ این ایس ڈبلیو سے چار دیگر ایوارڈ یافتگان ہیں جو 25 جنوری 2023 کو کینبرا میں قومی ایوارڈ تقریب کے لیے دیگر ریاستوں کے ایوارڈ یافتگان کے ساتھ آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔